یہ ماسکس اور کٹس جیک ما فاﺅنڈیشن کے ذریعے فراہم کی جائیں گی جس کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں جیک ما کا باضابطہ بیان بھی جاری کیا گیا۔
ٹوئٹ کے کیپشن میں کہا گیا 'ہم 5 لاکھ ٹیسٹنگ کٹس اور 10 لاکھ ماسک عطیہ کررہے ہیں، ہم اس مشکل وقت میں امریکی شہریوں کے ساتھ ہیں'۔
جیک ما کے بیان میں لکھا تھا 'اپنے ملک کے تجربے کے پیش نظر میں کہا سکتا ہوں کہ برق رفتار اور درست ٹیسٹنگ، طبی عملے کے تحفظ کے لیے آلات اس وائرس کی روک تھام کے لیے سب سے موثر ہیں'۔
ان کا کہنا تھا 'توقع ہے کہ ان سپلائیز سے امریکا میں کچھ لوگوں کو مدد مل سکے گی،یہ بڑی وبا انسانیت کے لیے ایک چیلنج ہے، آج یہ ایسا چیلنج نہیں جو سے کوئی ملک اکیلا نمٹ سکے، بلکہ ہر ایک کو ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، اس وقت ہمیں اپنے وسائل بغیر کسی قیاس کے شیئر کرنے چاہیے اور وبا کی روک تھام کے تجربے اور اسباق کا تبادلہ کرنا چاہیے تاکہ اس سانحے کو شکست دینے کا موقع مل سکے'۔
انہوں نے بیان ان الفاظ پر ختم کیا 'متحد ہوکر ہم کھڑے رہ سکتے ہیں، تقسیم ہوئے تو گرجائیں گے'۔
یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب چینی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ عین ممکن ہے کہ مذکورہ وائرس کو امریکی فوج چین کے شہر ’ووہان‘ لے کر آئی تھی۔
اس سے قبل جیک ما کی جانب سے یورپ میں بھی 18 لاکھ میڈیکل ماسک اور ایک لاکھ ٹیسٹنگ کٹس بھیجنے کا اعلان ویبو پر کیا تھا۔
واضح رہے کہ امریکا کو اس وقت مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹوں میں سست رفتاری کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔
درحقیقت چین اور جنوبی کوریا سمیت کئی ممالک کے مقابلے میں امریکا میں ٹیسٹنگ کا عمل بہت پیچھے ہے اور اسی مشکل کو مدنظر رکھ کر جیک ما کی جانب سے ٹیسٹنگ کٹس فراہن کی جارہی ہیں۔
جہاں تک میڈیکل ماسکس کا تعلق ہے تو لوگوں میں خوف کی وجہ سے امریکا میں مختلف اشیا جیسے ماسک کی قلت ہوگئی ہے اور طبی عملے کے لیے خطرات میں اضافہ ہوگیا ہے۔