پاکستان

وفاق ایئرپورٹ پر نگرانی کا عمل مؤثر بنائے، حکومت سندھ

مؤثر نگرانی کی جاتی تو کورونا وائرس کےتمام کیسز ایئرپورٹ پرہی سامنے آجاتے اورسندھ میں داخل نہیں ہوپاتے، مشیراطلاعات سندھ
|

مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ میں جتنے بھی کیسز سامنے آئے وہ متاثرین بیرون ملک سے آئے اور انہیں ایئرپورٹس پر نہیں روکا گیا، وفاقی حکومت کو ایئرپورٹ پر مؤثر اقدامات کرنے چاہیے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا وائرس پر یومیہ بنیادوں پر بریفنگ دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب سے کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا سندھ حکومت متحرک ہوگئی تھی، پہلے مریض کی ٹریول ہسٹری کے سامنے آنے کے بعد سے متاثرہ ممالک سے آنے والے مسافروں کا ڈیٹا جمع کیا اور معلوم ہوا کہ 2 ہزار 300 لوگ ایران سے 15 جنوری کے بعد سندھ میں داخل ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ 'ان تمام لوگوں سے رابطے کے لیے ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنائی ہیں اور تمام لوگوں سے رابطے ہوگئے ہیں'۔

مزید پڑھیں: تعلیمی اداروں کی مزید بندش کا فیصلہ جلد کرلیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

ان کا کہنا تھا کہ 'محکمہ صحت کے عملے نے ان کا طبی معائنہ کیا، اب تک 188 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں ان میں سے 14 لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہیں'۔

انہوں نے گزشتہ روز سندھ کے محکمہ صحت کی میڈیا کو آرڈینیٹر کی جانب سے بتائی کی سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد کی نفی کرتے ہوئے بتایا کہ 'اب تک 15 نہیں بلکہ 14 لوگوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جن میں سے ایک مریض صحت یاب بھی ہوگیا ہے جبکہ باقی 13 افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے'۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ میں سب سے زیادہ افراد کا چیک اپ کیا گیا ہے اور متاثرہ تمام 14 لوگ بیرون ممالک سے پاکستان آئے جبکہ اب تک کوئی مقامی مریض سامنے نہیں آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہاں ایک اور اہم چیز ہے کہ تمام 14 متاثرہ افراد ہوائی جہاز کے ذریعے 3 مختلف ممالک سے پاکستان آئے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پورٹ اور ائیر پورٹ وفاقی حکومت کے کنٹرول میں ہیں، ایئر پورٹس کی مانیٹرنگ کو مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'پہلے روز سے سندھ حکومت، وفاق سے ایئر پورٹس پر مانیٹرنگ ٹھیک کرنے کا بول رہی ہے، اگر وفاقی حکومت کی مانیٹرنگ درست ہوجاتی تو صورتحال یہ نہ ہوتی'۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا، پاکستان میں مجموعی تعداد 19 ہوگئی

انہوں نے کہا کہ 'مؤثر نگرانی کی جارہی ہوتی تو تمام کیسز کی ایئرپورٹ پر تشخیص ہوجاتی اور یہ سندھ میں داخل نہیں ہوپاتے'۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے وفاقی حکومت کی توجہ اس طرف نظر نہیں آتی، حال ہی میں ایک معروف لکھاری سعودی عرب سے پاکستان آئیں اور انہوں نے لکھا کہ ایئرپورٹ پر مجھ سے کوئی پوچھ گچھ نہیں کی گئی۔

گزشتہ روز کوئٹہ میں 12 سالہ بچے میں سامنے آنے والے کیس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 27 تاریخ کو وہ بچہ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ سرحد پر پہنچا تھا جسے وہاں قرنطینہ میں رکھا گیا اور 9 تاریخ کو قرنطینہ کو توڑتے ہوئے اسے کوئٹہ منتقل کیا گیا تاکہ ٹیسٹ کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ سرحد پر ٹیسٹ کرنے کی سہولت موجود ہونی چاہیے تھی اور یہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں اور کالج میں کلاسز لینا ہر طالب علم پر لازمی ہے، پی ایس ایل ضروری نہیں، اسکول کی چھٹیوں کے ختم ہونے میں کچھ روز باقی ہیں اور اس حوالے سے حکومت عوام کے مفاد میں فیصلہ کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت تکلیف کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے، ابھی تک صورتحال قابو میں ہے اور عوام کے تعاون کی ضرورت ہے۔

’کورونا‘ وائرس کے خوف کے باعث ’کورونا‘ سے متعلق کانفرنس منسوخ

فیروز خان اداکاری چھوڑ کر کیا کرنے جارہے ہیں؟

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک 'سخت شیڈول' پر پی سی بی پر برہم