کھیل

بنگلہ دیش کو ایشیا کپ کی میزبانی دینے کی خبریں بے بنیاد قرار

خبریں زیر گردش تھیں کہ پاکستان نے ایشیا کپ کی میزبانی بنگلہ دیش کو دے کر انہیں دورہ پاکستان کے لیے راضی کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے بنگلہ دیش کے دورہ پاکستان کو کسی ڈیل کا نتیجہ قرار دینے کی افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال ٹی20 ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو کرنی ہے اور میڈیا میں یہ خبریں زیر گردش ہیں کہ پاکستان نے ایشیا کپ کی میزبانی بنگلہ دیش کو دے کر انہیں دورہ پاکستان کے لیے راضی کیا تاہم وسیم خان نے ان افواہوں کی تردید کی ہے۔

مزید پڑھیں: تیسرا ٹی20 بارش کی نذر، پاکستان کی عالمی نمبر ایک پوزیشن برقرار

2018 میں جس وقت پاکستان کو اس ایونٹ کی میزبانی سونپی گئی تھی تو اس وقت یہ طے نہیں ہوا تھا کہ پاکستان ایونٹ کی میزبانی اپنی سرزمین پر کرے گا یا متحدہ عرب امارات میں لیکن گزشتہ ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران پاکستان سپر لیگ سمیت کئی انٹرنیشنل سیریز کی کامیابی سے میزبانی کرنے کے بعد پاکستان اب اپنی ہی سرزمین پر ایونٹ کے انعقاد کا خواہاں ہے۔

وسیم خان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بنگلہ دیش کو ایشیا کپ کی میزبانی دینے کی خبریں بالکل بے بنیاد اور غلط ہیں، ہم نے بنگلہ دیش سے ایشیا کپ کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایشین کرکٹ کونسل کا ٹورنامنٹ ہے اور ہمیں میزبانی کے حقوق انہوں نے ہی دیے ہیں اور ہم انہیں تبدیل نہیں کر سکتے۔

یہ بھی پڑھیں: رائل رمبل کا دلچسپ مقابلہ ایک غیرمتوقع ریسلر کے نام

پاکستان میں ایشیا کپ کے انعقاد کی صورت میں بھارتی ٹیم کے ایونٹ میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ سکتا ہے کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ صورتحال کے سبب گزشتہ مرتبہ بھارت میں شیڈول ایونٹ کو بھی بنگلہ دیش منتقل کردیا گیا تھا۔

بھارت کی ستمبر میں شیڈول ایونٹ میں شرکت کے حوالے سے سوال پر وسیم خان نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل کرے گی اور ہم ایونٹ کے انعقاد پر دو مقامات پر بھی اسے کھیلنے پر غور سکتے ہیں۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ بھارت کو پاکستان میں کھیلنے پر اعتراض ہوا تو ہم دوسرے مقام کا انتخاب کر سکتے ہیں، جب 2021 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ہمیں بھارت جانا ہو گا تو کھلاڑیوں کی سیکیورٹی اور ویزہ کے حوالے سے مبہم صورتحال کے سبب اس وقت بھی اس چیز پر عملدرآمد کیا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان کے لیے ٹیم بھیجنے پر تو رضامند تھا لیکن وہ ٹیسٹ میچز کھیلنے اور طویل عرصے کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے کے حق میں نہ تھے۔

مزید پڑھیں: باسکٹ بال لیجنڈ کوبی برائنٹ بیٹی سمیت ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک

تاہم دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کے اجلاس کے موقع پر دونوں ملکوں کے کرکٹ حکام کے درمیان ملاقات ہوئی تھی اور اس موقع پر آئی سی سی چیئرمین ششانک منوہر کی معاونت کی بدولت بنگلہ دیش کی ٹیم دورہ پاکستان پر راضی ہو گئی تھی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے دورہ پاکستان پر آمادگی ظاہر کرنے کے بعد یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ پاکستان نے ایشیا کپ کی میزبانی بنگلہ دیش کو دینے کے عوض انہیں دورہ پاکستان پر راضی کیا تھا تاہم اب وسیم خان نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔