دنیا

جرمنی: مسلح شخص کی فائرنگ سے 6 افراد ہلاک

مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے، حملہ آور اور متاثرین بظاہر ایک دوسرے کو جانتے تھے، پولیس

جرمنی کے جنوب مغربی علاقے میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے پی' نے جرمن نیوز ایجنسی 'ڈی پی اے' کے حوالے دے کہا کہ 'روٹ ایم سی' قصبے میں فائرنگ سے 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

آلن پولیس نے جمعہ کی دوپہر پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں ہلاک افراد کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کے بعد مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے، فائرنگ ایک شخص نے کی اور اس کا کوئی ساتھی مفررو نہیں ہے۔

پولیس ترجمان روڈولف بیہلمایئر نے جرمن نشریاتی ادارے 'این ٹی وی' کو بتایا کہ 'میری معلومات کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔'

انہوں نے کہا کہ 'ہم اس وقت یہ فرض کرکے تحقیقات کر رہے ہیں کہ حملہ آور ایک ہی تھا۔'

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق مشتبہ، جو جرمن شہری تھا، اور ایک یا اس سے زائد متاثرین ایک دوسرے کو جانتے تھے۔

مزید پڑھیں: جرمنی: یہودیوں کی عبادت گاہ کے باہر فائرنگ، 2 افراد ہلاک

پولیس ترجمان نے کہا کہ متاثرین میں سے چند کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

روٹ ایم سی، میونخ سے تقریباً 170 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2019 میں جرمنی کے شہر ہَلے میں یہودیوں کی عبادت گاہ اور تُرک ریسٹورنٹ کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

پولیس کی جانب سے پہلے کہا گیا کہ فائرنگ کے بعد حملہ آور گاڑی میں فرار ہوگئے۔

تاہم بعد ازاں پولیس کا کہنا تھا کہ ایک مشتبہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

برطانیہ نے پاکستان کیلئے سفری شرائط میں نرمی کردی

20 سیکنڈ میں لوگوں کی سوچ بدلنے والا لفٹ آپریٹر

پاکستان کی پہلی خاتون ماہر تعمیرات یاسمین لاری کیلئے جین ڈریو پرائز