خواتین کو اپنے حقوق کشکول میں مانگنے کی ضرورت نہیں، طاہرہ عبداللہ
معروف سماجی کارکن و خواتین کے حقوق کی علمبردار طاہرہ عبداللہ نے کہا ہے کہ ’خواتین آزاد پیدا ہوئیں، انہیں بطور والدہ، بہن، بیٹی یا بیوی اپنے حقوق مرد سے کشکول لے کر مانگنے کی ضرورت نہیں'۔
طاہرہ عبداللہ نے نجی ٹی وی سما کے پروگرام ’نیوز بیٹ‘ میں ڈراما نگار خلیل الرحمٰن قمر اور معروف صحافی اویس توحید کے ساتھ شرکت کی اور پروگرام کے دوران صنفی مساوات اور خاص طور پر ڈراموں میں خواتین کو کمزور دکھانے کے مسئلے پر بحث کی۔
پروگرام کے آغاز میں ڈراما نویس خلیل الرحمٰن قمر نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ہمیشہ ہی مضبوط خواتین کے کردار تشکیل دیے ہیں، وہ خواتین کی خودمختاری کے سب سے بڑے عملبردار ہیں تاہم انہوں نے صرف حالیہ ایک ہی ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ میں خاتون کو کچھ منفی انداز میں دکھایا۔
ڈراما نویس نے کہا کہ کئی واقعات میں مرد، خواتین کو ذلیل کرتے ہیں اور ایسے واقعات میں ہم مرد حضرات کو برا بھلا بھی کہتے ہیں اور ایسے ہی واقعات بھی ہوتے ہیں جن میں خواتین بھی مرد حضرات کے ساتھ غلط کرتی ہیں تاہم ایسے واقعات پر ہم نہیں بولتے۔