چین میں شرح پیدائش 60 سال کی کم ترین سطح پرپہنچ گئی
آبادی کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے ملک چین میں ایک بچہ پالیسی ختم کرنے اور ایک ہی سال میں تقریبا ایک کروڑ 45 لاکھ بچوں کی پیدائش کے باوجود شرح پیدائش 60 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔
چین کی شرح پیدائش میں حیران کن طور پر مسلسل 2 سال سے کمی دیکھی جا رہی ہے گزشتہ برس بھی چینی حکومت نے بچوں کی پیدائش ماضی کے مقابلے کم ہونے کا اعتراف کیا تھا۔
گزشتہ برس جنوری میں حکومت نے بتایا تھا کہ سال 2018 میں چین بھر میں ایک کروڑ 52 لاکھ بچے پیدا ہوئے اور وہاں کی آبادی بڑھ کر ایک ارب 39 کروڑ ہوگئی۔
تاہم حالیہ حکومتی رپورٹ کے مطابق چین میں شرح پیدائش مزید کم ہوگئی۔
چینی اخبار ’ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ‘ کے مطابق چین کے ادارہ شماریات ’نیشنل بیورو آف اسٹیٹکس’ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سال 2019 میں چین بھر میں بچوں کی پیدائش کم ہوکر ایک کروڑ 45 لاکھ تک پہنچ گئی۔
یعنی گزشتہ سال اس سے پہلے والے سال کے مقابلے چین میں تقریبا 7 لاکھ بچے کم پیدا ہوئے۔