دنیا

شوہر کے نہ نہانے پر بیوی کا طلاق کیلئے عدالت سے رجوع

میرا شوہر باقاعدگی سے نہ نہاتا ہے اور نہ ہی شیو کرتا، جس کے باعث ان کے پاس سے بدبو آتی ہے، بیوی کا درخواست میں الزام

بھارتی ریاست بہار سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ خاتون نے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق زندگی نہ گزارنے والے اپنے شوہر سے طلاق لینے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق طلاق کے لیے دائر اپنی درخواست میں سونی دیوی نے دعویٰ کیا کہ ان کے 23 سالہ شوہر منیش رام باقاعدگی سے نہ تو نہاتے ہیں اور نہ ہی شیو کرتے ہیں جبکہ وہ اپنے دانت بھی صاف نہیں کرتے جس کے باعث ان کے پاس سے بدبو آتی ہے۔

اسٹیٹ ویمن کمیشن (ایس ڈبلیو سی) نے سونی دیوی کی درخواست پر ایکشن لیتے ہوئے ان کے شوہر کو 2 ماہ کا وقت دیا ہے تاکہ وہ اپنی عادات کو تبدیل کرلیں ورنہ ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: حد سے زیادہ محبت کرنے پر خاتون نے شوہر سے طلاق مانگ لی

اس حوالے سے ایس ڈبلیو سی کی رکن پرتیما سنہا کا کہنا تھا کہ 20 سالہ درخواست گزار نے عدالت سے رجوع کیا اور مطالبہ کیا کہ وہ اپنے شوہر سے طلاق لینا چاہتی ہیں کیوں کہ وہ ان کے ساتھ زندگی نہیں گزار سکتیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جن وجوہات کی بنا پر وہ طلاق لینے کا مطالبہ کررہی ہیں اس پر فوری فیصلہ نہیں لیا گیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سونی دیوی نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا کہ 2017 میں ان کی شادی منیش رام سے ہوئی جو پیشے سے ایک پلمبر ہے۔

خاتون نے اپنے شوہر پر الزامات لگاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے شوہر کے پاس سے بُو آتی ہے کیوں کہ وہ لگاتار 10 دنوں تک نہ تو دانت صاف کرتے ہیں، نہ شیو بناتے ہیں اور نہ ہی نہاتے ہیں۔

ایس ڈبلیو سی کی کارکن کے مطابق سونی دیوی اپنے شوہر سے علیحدگی کے فیصلے پر اٹل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کے امیر ترین جوڑے کی طلاق

سونی دیوی کا کہنا تھا کہ 'میں اپنے شوہر کے ساتھ زندگی نہیں گزارنا چاہتی، میں مزید ذلت برداشت نہیں کروں گی، برائے مہربانی اس شخص سے میری جان چھڑوا دی جائے، اس نے میری زندگی تباہ کردی ہے'۔

دوسری جانب سونی دیوی کے شوہر کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بیوی سے علیحدگی نہیں چاہتے اور اس کے ساتھ ہی زندگی گزارنے کے خواہشمند ہیں۔

انہوں نے عدالت میں دعویٰ کیا کہ وہ پوری کوشش کریں گے کہ حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق زندگی گزار سکیں اور اپنی بیوی کا بھروسہ جیت سکیں۔