ایران-امریکا کشیدگی: وزیر خارجہ کی ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی امریکا–ایران کشیدگی اور خطے کی صورت حال کے پیشِ نظر وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ایران پہنچے اور صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔
وزیر خارجہ کے ہمراہ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی سعودی عرب اور ایران کے دورے پر ہیں۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تہران میں ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی جہاں دونوں رہنماؤں نے حالیہ کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر ایرانی قیادت کے مشکور ہیں۔
قبل ازیں سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ پر ایران کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل سید رسول موسوی اور پاکستانی سفارت خانے کے ناظم الامور سید فواد شیر اور سفارت خانے کے دیگر عہدیداروں نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دورہ ایران کے دوران اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے بھی ملاقات کریں گے اور ان سے مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔