’گینگ ریپ‘ کا ڈراما رچانے پر 19 سالہ لڑکی کو سزا
مشرق وسطیٰ کے جزیرہ نما ملک قبرص کی مقامی عدالت نے 19 سالہ برطانوی لڑکی کو ’گینگ ریپ‘ کا ڈراما رچانے پر 4 ماہ قید کی سزا سنادی۔
قبرص کی عدالت نے جس لڑکی کو ’گینگ ریپ‘ کا ڈراما رچانے پر قید کی سزا سنائی اسے قبرص کی پولیس نے جولائی 2019 میں اس وقت گرفتار کیا تھا جب لڑکی نے پولیس کو بتایا تھا کہ انہوں نے ’گینگ ریپ‘ سے متعلق جھوٹی رپورٹ درج کروائی تھی۔
اس سے قبل مذکورہ لڑکی نے قبرص میں 2019 کے وسط میں ’گینگ ریپ‘ کی شکایت درج کرواتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ سیاحتی مقام ’آیا ناپا‘ پر 12 اسرائیلی لڑکوں نے ان کے ساتھ زبردستی کی تھی تاہم بعد ازاں وہ اپنے بیان سے پھر گئی تھیں جس کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا تھا۔
پولیس نے لڑکی کو گرفتار کرکے معاملے کی مزید تحقیقات کی تو پولیس کو معلوم ہوا کہ لڑکی نے رضامندی کے ساتھ ایک لڑکے کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کیے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ’گینگ ریپ‘ کا ڈراما رچانے پر 19 سالہ لڑکی کو سزا کا سامنا
بعد ازاں پولیس نے لڑکی کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کرتے ہوئے اسے عدالت میں پیش کیا اور گزشتہ ماہ دسمبر 2019 میں عدالت نے انہیں پولیس کی جانب سے پیش کردہ ثبوتوں کی بنا پر مجرم قرار دیا تھا۔
عدالت نے 31 دسمبر 2019 کو سماعت کے دوران لڑکی کو ایک ہفتے کے لیے پولیس کے حوالے کرتے ہوئے کیس کا فیصلہ 7 جنوری کو سنانے کا اعلان کیا تھا اور اب لڑکی کو سزا سنادی گئی۔