خیبرپختونخوا کے نئے وزیرتعلیم میٹرک پاس نکلے
خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے وزیراعلیٰ کی جانب سے کابینہ میں ردوبدل کے بعد یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ صوبے کے نئے وزیرتعلیم اکبر ایوب صرف میٹرک پاس ہیں۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کابینہ میں ڈیڑھ سال بعد ہی ردوبدل کرتے ہوئے 4 وزرا کے قلمدان تبدیل کردیے گئے تھے جبکہ مزید 2 نئے وزرا، ایک مشیر اور 8 معاونین کو حکومتی ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا کے سابق وزیر تعلیم انٹر پاس نکلے
اسی تبدیلی کے نتیجے میں اکبرایوب خان کو محکمہ تعلیم کا وزیر بنایا گیا تھا، جن کے بارے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ صرف میٹرک پاس ہیں۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کی ویب سائٹ پر درج معلومات کے مطابق اکبر ایوب خان نے 1988 میں میٹرک کی تعلیم مکمل کی جبکہ ان کی اس کے بعد کی تعلیم کا کوئی ذکر موجود نہیں ہے۔
ماضی میں انگوٹھا چھاپ بھی وزیرتعلیم رہے، شوکت یوسفزئی
دوسری جانب صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ اکبر ایوب کی تعلیم میٹرک ہے۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ بات درست ہے کہ اکبر ایوب کی تعلیم میٹرک ہے لیکن آپ دیکھیں کہ وہ 7 برس سے کمیشن اینڈ ورکس (سی اینڈ ڈبلیو) کے وزیر رہے ہیں، ان میں کافی صلاحیت اور تجربہ ہے اور اسی بنیاد پر انہوں نے اپنے محکمے کو کافی اچھے انداز میں چلایا ہے۔