آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ سے تباہی، ہزاروں افراد محصور
جنوب مشرقی آسٹریلیا میں جنگلات میں لگی آگ انتہائی بدترین صورتحال اختیار کر گئی ہے جس کے سبب چھٹیاں منانے کے لیے گئے ہزاروں سیاح اور مقامی افراد محصور اور ساحل پر پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں جبکہ ان کے پاس براستہ زمین جانے کی جگہ نہیں ہے۔
ملاکوٹا اور آسٹریلیا کے دیگر جنوب مشرقی ساحلی علاقوں میں 200کلو میٹر سے زائد رقبے کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کے سبب 4ہزار افراد ساحلی علاقوں میں پھنس گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: آسٹریلیا کے جنگلات میں آتشزدگی سے 150 گھر خاکستر، فائر ایمرجنسی نافذ
علاوہ ازین اس آگ سے بچنے کے لیے کچھ لوگ کشتیاں لے کر کھلے سمندر میں نکل گئے تاکہ وہ اپنی جان بچا سکیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب سے اب تک درجنوں جائیدادیں اور املاک راکھ کا ڈھیر بن چکی ہیں جبکہ نیو ساؤتھ ویلز اور وکٹوریہ میں 7 افراد لاپتہ ہیں جہاں آگ نے ان ریاستوں میں مشہور قصبوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔
اس حوالے سے فائر سروس کا کہنا تھا کہ کچھ علاقوں میں تو آگ کے شعلے، دھویں کے بادل اور آگ کے دھکتے ہوئے انگارے اس حد تک شدید ہیں کہ فضا کے ذریعے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا عمل اور پانی سے آگ بجھانے کے سلسلے کو روک دیا گیا ہے۔
ملاکوٹا میں تو حالات اس حد تک گمبھیر ہو گئے ہیں کہ شدید دھوئیں کے سبب دن کے وقت بھی رات کا گمان ہورہا ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ قریب ہی لگی آگ سے انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔