کم عمری میں 38 گولڈ میڈل جیتنے والی پاکستان کی ’کراٹے سپر اسٹار‘ خاتون
کوئٹہ میں پیدا ہونے والی کراچی کی بہادر لڑکی نے محض 31 سال کی عمر میں منفرد اعزاز حاصل کرلیا۔
پاکستان میں ’کراٹے سپر اسٹار‘ خاتون کی حیثیت رکھنے والی 31 سالہ کلثوم ہزارہ نے اگرچہ انتہائی کم عمری میں ہی والدین کی محرومی سمیت دیگر مسائل کا سامنا کیا۔
تاہم انہوں نے بے حد بہادری، ہمت اور جذبے سے اپنے مسائل اور مجبوریوں کو نظر انداز کرتے ہوئے محض 31 سال کی عمر میں ملکی و عالمی سطح پر ’کراٹے ایونٹس‘ میں 38 گولڈ میڈل جیت کر منفرد اعزاز حاصل کیا۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں 4 ستمبر 1988 میں پیدا ہونے والی کلثوم ہزارہ اس وقت صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رہتی ہیں اور وہیں پر وہ ’کراٹے سینٹر‘ بھی چلاتی ہیں۔
کلثوم ہزارہ جب محض 2 سال کی تھیں تو ان کی والدہ انتقال کر گئی تھیں اور والد نے انہیں محض 5 سال کی عمر میں ’کراٹے سینٹر‘ میں داخل کرادیا تھا۔