اسلام آباد: اسپیشل پراسیکیوٹر نیب پر فائرنگ، مقدمہ درج
اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے اسپیشل پراسیکیوٹر واثق ملک پر فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ تھانہ لوئی بیر میں درج کرلیا گیا۔
اس حوالے سے درج کی گئی ابتدائی اطلاعی رپورٹ (ایف آئی آر) میں اسپیشل پراسیکیوٹر واثق ملک نے کہا کہ ’17 دسمبر 2019 کو رات 8 بجے میں گھر واپس آرہا تھا تو نیول اینکریج فلائی اوور سے پہلے ہائی وے پر ایک موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد گاڑی کے سامنے آگئے‘۔
ایف آئی آر میں اسپیشل پراسیکیوٹر نیب کے حوالے سے کہا گیا کہ ’پیچھے بیٹھے موٹر سائیکل سوار نے مجھ پر فائر کی، یہ گولی ونڈ اسکرین کے اوپری حصے سے پار ہوتی ہوئی اور میرے سر پر سے گزرتی ہوئی پچھلے حصے پر لگی جس پر میں نے گاڑی تیز کردی‘۔
مزید پڑھیں: چیئرمین نیب کی بلا امتیاز احتساب کرنے کی یقین دہانی
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ’پھر موٹر سائیکل سوار نے دوسرا فائر کیا اور یہ گولی گاڑی کی ونڈ اسکرین کے نچلے حصے سے ہوتی ہوئی ساتھ والی سیٹ سے پار ہوگئی، اس کے بعد موٹر سائیکل سوار نے تیسرا فائر کیا اور یہ گولی ساتھ والی کھڑکی سے ہوتی ہوئی ساتھ والی سیٹ پر لگی‘۔