دنیا

چین: کوئلے کی کان میں دھماکے سے 14 افراد ہلاک

دھماکا جنوب مغربی صوبے گیژو میں واقع کان میں ہوا جہاں 2 مزدور اب بھی پھنسے ہوئے ہیں، حکام

چین کے جنوب مغربی علاقے میں واقع کوئلے کی ایک کان میں دھماکے سے 14 افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ کان میں دھماکا علی الصبح ہوا جو حفاظتی تدابیر اور دیگر سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث پیش آیا۔

جنوب مغربی صوبے گیژو کی حکومت کا کہنا تھا کہ دھماکا گوانگ لانگ کان پر ہوا جہاں اب بھی دو افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق 7 مزدوروں کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا لیکن امدادی کام تاحال جاری رہے۔

مزید پڑھیں:چین: کوئلے کی کان میں دھماکا، 15 افراد ہلاک

حکومتی عہدیداروں کے مطابق چند روز قبل ہی سیچوان صوبے میں کان میں سیلاب سے 5 مزدور ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے تھے۔

چین کی سرکاری ٹی وی 'سی سی ٹی وی' نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ شانمشوا کان میں 347 افراد کام کررہے تھے اور اسی دوران سیلاب آگیا تھا۔

یاد رہے کہ 15 نومبر کو شمالی صوبے شانسی میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور 9 مزدور زخمی ہو گئے تھے۔

چین کی سرکاری نیوز ایجنسی 'زنہوا' کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ دھماکے کے وقت زیر زمین 35 کان کن کام کر رہے تھے جس میں سے 11 وہاں سے بھاگنے میں کامیاب ہوئے۔

رواں برس 23 فروری کو چین کے شمالی علاقے میں کان کنوں سے بھری بس بریک فیل ہونے سے حادثے کا شکار ہوگئی تھی جہاں 20 کان کن ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:چین میں کان کنوں کی بس کو حادثہ، 20 افراد ہلاک

چین کی کانوں میں خطرناک حادثات عام ہیں جہاں کوئلے کی پیداواری حالات میں بہتری کی کوششوں اور غیر قانونی کانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے باوجود حفاظتی حالات ابتری کا شکار ہیں۔

رواں برس 13 جنوری کو چین کے شمالی علاقے میں کوئلے کی کان بیٹھنے سے 21 کان کن ہلاک ہو گئے تھے، شانسی صوبے میں ہونے والے حادثے کے وقت زیر زمین کان میں 87 افراد کام کر رہے تھے۔

گزشتہ برس دسمبر میں چین کی جنوب مغربی کوئلے کی کان میں ایک حادثے میں 7 کان کن ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل اکتوبر میں شانڈونگ صوبے میں کان میں ایک حادثے میں 21 کان کن ہلاک ہوئے تھے جبکہ ایک کان کن کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔

چین کی نیشنل کول مان سیفٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق 2017 میں چین میں کوئلے کی کان میں مختلف حادثات میں 3 سو 75 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

خصوصی عدالت کا تفصیلی فیصلہ آتے ہی اپیل دائر کریں گے، وکیل پرویز مشرف

پرویز مشرف فیصلہ: آئندہ کوئی آمر غیر جمہوری اقدام نہیں اٹھا سکے گا، بلاول

فیس بک ایک دہائی میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپ