وزارت خارجہ میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے،ڈاکٹر فیصل جرمنی میں سفیر نامزد
وفاقی حکومت نے وزارت خارجہ میں وسیع پیمانے پر تقرریاں و تبادلے کرتے ہوئے 21 سینئر افسران کو اہم ممالک میں سفیر اور قونصل جنرل نامزد کردیا۔
وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزارت کے ترجمان اور ڈی جی جنوبی ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل کو جرمنی میں پاکستانی سفیر نامزد کیا گیا ہے جبکہ جنوبی کوریا میں پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی کو ایران میں پاکستان کا سفیر بنا دیا گیا ہے۔
پولینڈ میں پاکستانی سفیر شفقت علی خان روس، جرمنی میں پاکستانی سفیر جوہر سلیم اٹلی، ایڈیشنل سیکریٹری وزارت خارجہ محمد ندیم خان یونان اور ڈی جی یورپ ملک محمد فاروق کو پولینڈ کا سفیر نامزد کیا گیا ہے۔
اسی طرح برلن میں تعینات منسٹر مریم مدیحہ آفتاب کو بلغاریہ، بیجنگ میں تعینات منسٹر ممتاز زہرہ بلوچ کو جنوبی کوریا، ایڈیشنل سیکریٹری افریقہ ڈاکٹر علی احمد آرائیں سینیگال، انقرہ میں تعینات منسٹر سید علی اسد گیلانی ازبکستان اور اسٹاک ہوم میں تعینات منسٹر عرفان احمد کو ترکمانستان کے لیے پاکستانی سفیر نامزد کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی بیوروکریسی میں اعلیٰ سطح پر تقرر اور تبادلے
دیگر تقرر و تبادلوں میں کینبرا میں تعینات منسٹر محمد خالد اعجاز کی ارجنٹینا، ڈی جی فارن آفس ڈاکٹر ظفر اقبال کی رومانیہ، ڈی جی فارن آفس احمد فاروق کی ڈنمارک، میجر جنرل ریٹائرڈ عمر فاروق برکی کی اردن اور وائس ایڈمرل ریٹائرڈ اطہر مختار کی مالدیپ میں بطور سفیر نامزدگی شامل ہے جبکہ سردار اظہر طارق خان کرغزستان میں پاکستانی سفیر ہوں گے۔
بدھاپست میں تعینات منسٹر زاہد حسین فرینکفرٹ میں قونصل جنرل، ڈی جی ایسٹ ایشیا پیسیفک ثمینہ مہتاب شندو میں قونصل جنرل اور کینبرا میں تعینات منسٹر محمد طارق وزیر مانچسٹر میں قونصل جنرل کے ذمہ داریاں سنبھالیں گے جبکہ آذربائیجان میں تعینات سفیر ڈاکٹر سعید خان مہمند کے عرصہ تعیناتی میں چھ ماہ کی توسیع کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔