وکلا کی ہسپتال میں ہنگامہ آرائی: 'قانون ہاتھ میں لینے والوں کو بخشا نہیں جائے گا'
صوبائی وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں وکلا کی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے معاملے میں حکومت کوئی رعایت نہیں کرے گی اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔
لاہور میں صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ بشارت نے کہا کہ 'وکلا گردی کا واقعہ قابل مذمت ہے، وکلا پڑھا لکھا طبقہ ہے لیکن آج جو ہوا انتہائی افسوسناک ہے، ہم وکلا برادری کا احترام و عزت کرتے ہیں لیکن قانون ہاتھ میں لینے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔'
انہوں نے کہا کہ 'ہسپتال میں ہنگامہ آرائی میں ملوث کچھ افراد کی شناخت ہوئی ہے جبکہ وکلا غلطی کا احساس کرلیں تو عزت میں کمی نہیں آئے گی۔'
راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھی واقعے کا نوٹس لیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے امن و امان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی، جبکہ نقصان کا تخمینہ لگانے کے لیے وزیر صحت کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس معاملے میں کوئی رعایت نہیں کرے گی، پولیس کے حوالے سے بھی انکوائری کی جا رہی ہے جبکہ ڈاکٹرز سے گزارش ہے کہ اسپتالوں کی ایمرجنسی کو کھلا رکھیں۔
وزیر قانون پنجاب نے وزیر اطلاعات کے ساتھ ہونے والے سلوک کی مذمت بھی کی۔
یہ بھی دیکھیں: صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان پر وکلا کا تشدد