پاکستان

جھنگ: زندہ جلائی گئی خاتون دم توڑ گئیں، شوہر کے خلاف مقدمہ درج

کبیر والا کی رہائشی حمیرا کو ان کے شوہر اور دیگر کی جانب سے پیٹرول چھڑک کر جلا دیا گیا تھا، ایف آئی آر کا متن
|

صوبہ پنجاب کے ضلع جنگ کی تحصیل احمد سیال میں شوہر اور اس کے ساتھیوں کی جانب سے مبینہ طور پر جلائی گئی خاتون ہسپتال میں دم توڑ گئیں جبکہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔

اپنی بیٹی کی موت کی خبر کے بعد متاثرہ خاتون کے والدین نے تعزیزات پاکستان کی دفعہ 358 (استحصال) اور 302 (قتل) کے تحت شوہر اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔

مزید پڑھیں: پنجاب کی 15 سے 64 سالہ ایک تہائی خواتین کو تشدد کا سامنا، سروے

واقعے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق 6 دسمبر کو تحصیل کبیر والا کی رہائشی حمیرا کو ان کے شوہر اور دیگر کی جانب سے پیٹرول چھڑک کر جلا دیا گیا تھا، متاثرہ خاتون کو کافی زخم آئے تھے اور انہیں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا اور بعد ازاں 7 دسمبر کو ان کا انتقال ہوگیا۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق متاثرہ لڑکی کا جسم 90 فیصد تک جھلس چکا تھا۔

ادھر تھانہ احمد پور سیال کے ایس ایچ او محمد یوسف نے بتایا کہ حکام نے متاثرہ اہل خانہ کے بیانات ریکارڈ کیے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: ’غیرت کے نام‘ پر خاتون سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ قتل

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ پولیس، میڈٰیکل رپورٹ کی روشنی میں شفاف تحقیقات کی مکمل کوشش کرے گی۔

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ 'پولیس جلد ہی مفرور ملزمان کو گرفتار کرلے گی'

علاوہ ازیں متاثرہ خاتون کے اہل خانہ نے پنجاب کے وزیراعلیٰ اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ واقعے کا نوٹس لیں اور انصاف کو یقینی بنائیں۔