پاکستان

اسلام آباد کا حشر بگاڑ دیا،سیاست دانوں کے کہنے پر اونچی عمارتوں کی اجازت دی گئی، جسٹس گلزار

عدالت عظمیٰ نے سی ڈی اے کو مس کنڈکٹ کے مرتکب عہدیداروں کے خلاف فوجداری کارروائی کے آغاز کا حکم دے دیا۔
|

سپریم کورٹ کے جسٹس گلزار احمد نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین کو حکم دیا ہے کہ وہ مس کنڈکٹ (خلاف ورزی) کے مرتکب عہدیداروں کے خلاف فوجداری کارروائی کا آغاز کریں۔

ساتھ ہی عدالت انہوں نے چیئرمین کو یہ بھی حکم دیا کہ ادارے کو مالی نقصان پہنچانے والے عہدیداروں سے رقم کی وصولی کریں۔

عدالت عظمیٰ میں جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سینٹورس مال تجاوزات کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران جسٹس گلزار کیپیٹل انتظامیہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'اسلام آباد کا حشر بگاڑ' دیا گیا، یہ آدھا شہر اور آدھا دیہات بن گیا ہے، سیاست دانوں کی ہدایت پر اونچی عمارتوں کی اجازت دی گئی'۔

مزید پڑھیں: ڈی ایچ اے والوں کا بس چلے تو سمندر میں شہر بنا لیں، جسٹس گلزار

انہوں نے پوچھا کہ کیا یہاں زلزلے نہیں آتے'، ساتھ ہی انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ 1960 سے دارالحکومت میں تقریباً کوئی پبلک ٹرانسپورٹ نہیں۔

سماعت کے دوران جسٹس گلزار نے ریمارکس دیے کہ ' (اسلام آباد میں) ایک ہلتی ہوئی میٹرو چل رہی ہے، یہاں کوئی رکشہ نہیں ہیں، رکشے لے کر آئیں اور لوگوں کو اپنی ثقافت دکھائیں'۔

اس موقع پر انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے 'ملک میں کام کرنے سے انکار' پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔

انہوں نے ریمارکس دیے کہ 'بیرون ملک پاکستانی، لندن میں ٹرانسپورٹ کا نظام چلا رہے ہیں، ہمارے بہترین ٹاؤن منصوبہ ساز امریکا اور کینیڈا چلے گئے، وہ کہتے ہیں کہ وہ جنگل میں کام نہیں کرسکتے، ان کا (پاکستان میں کام) کرنے سے انکار ان کے اور پاکستان کے منہ پر طمانچہ ہے'۔

سماعت کے دوران عدالت نے دارالحکومت کی سڑکوں کی خراب صورتحال کی بھی نشاندہی کی اور کہا کہ کشمیر ہائی وے پر گاڑی چلاتے ہوئے ڈر لگتا ہے کہ کہیں ڈرائیور گاڑی فٹ پاتھ پر نہ چڑھا دے۔

اس موقع پر چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت سے معذرت کی، جس پر جسٹس گلزار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ قانون کو سمجھ نہیں رہے، یہی قانون پھانسی کے پھندے تک لے جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس گلزار احمد نے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھالیا

بعد ازاں عدالت نے نیشنل ہائی اتھارٹی کے چیئرمین کو عدالتی احکامات کی روشنی میں اٹھائے گئے اقدامات پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی، ساتھ ہی سیکریٹری داخلہ کو انتظامی مسائل حل کرنے سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا کہتے ہوئے سماعت 6 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ جسٹس گلزار احمد ملک کے اگلے چیف جسٹس ہیں اور وہ اس عہدے کا حلف 21 دسمبر کو اٹھائیں گے۔

یہاں یہ بھی یاد رہے کہ جسٹس گلزار احمد کراچی اور اسلام آباد میں تجاوزات سے متعلق متعدد کیسز کی سماعت کررہے ہیں۔