بھارت: ہر 15 منٹ میں ایک خاتون کا ریپ
ہر چھ منٹ بعد ایک خاتون کو بدسلوکی اور ہر ایک دن بعد ایک خاتون کو ’گینگ ریپ‘ کا نشانہ بنایا جاتا ہے، حکومت
بھارتی ریاست تلنگانہ میں 2 روز قبل ’ریپ‘ کے بعد جلائی گئی لیڈی ڈاکٹر پریانکا ریڈی کی ہلاکت کے بعد انڈیا میں ایک بار پھر خواتین پر تشدد اور ’ریپ‘ پر بحث چھڑ گئی ہے جب کہ حکومت کی جانب سے حال ہی میں جاری کی گئی رپورٹ میں بھی خطرناک حقائق بیان کیے گئے ہیں۔
بھارتی حکومت کے ادارے ’نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو (این سی آر بی) کی جانب سے حال ہی میں جاری کی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت میں ہر 15 منٹ میں ایک خاتون کا ’ریپ‘ کیا جاتا ہے۔
این سی بی آر کی 2017 کی رپورٹ کے مطابق بھارت بھر میں خواتین کے خلاف تشدد، ریپ، ان پر تیزاب سے حملے، انہیں ہراساں کرنے سمیت دیگر صنفی تفریق کے واقعات میں اضافہ ہوگیا اور گزشتہ برس 2016 سے زیادہ جرائم ریکارڈ کیے گئے۔