شام: ترکی کے زیر کنٹرول علاقے میں کار بم دھماکا، 17 افراد ہلاک
دھماکے کی ذمہ داری 'وائی پی جی' پر عائد کی گئی، 20 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔
شمالی شام میں ترکی کے زیر کنٹرول علاقے میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق ترکی کی وزارت دفاع نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ 'حملہ شہر راس العین کے مغرب میں واقع گاؤں طل حلف میں کیا گیا، جو اکتوبر میں ترک فوج کے آپریشن کے بعد سے اس کے زیر کنٹرول ہے۔'
جائے وقوع کی تصاویر میں دیکھا گیا کہ گاؤں کی مارکیٹ میں دھماکے سے کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
دھماکے کی ذمہ داری کردش پیپلز پروٹیکشن یونٹس (وائی پی جی) پر عائد کی گئی جسے انقرہ کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کا شامی گروپ قرار دیتا ہے جس پر 1984 سے ترکی کے خلاف حملوں کو الزام لگایا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شام میں کار بم دھماکا، 3 افراد ہلاک