اسلام آباد میں فائرنگ سے پاک فوج کا میجر قتل
شناخت لاریب کے نام سے ہوئی، مقتول پر فائرنگ اس وقت کی گئی جب وہ پارک میں بیٹھے تھے، ایف آئی آر کا متن
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پاک فوج کے میجر کو قتل کردیا۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ تھانہ کراچی کمپنی کی حدود میں پیش آیا، جہاں نامعلوم ملزمان نے ایک شخص پر فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت لاریب کے نام سے ہوئی، جو پاک فوج کا ملازم بتایا جاتا ہے جبکہ ان کی پوسٹنگ اٹک میں تھی۔
ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ پاک فوج کے افسر پارک میں بیٹھے تھے کہ 2 نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں سر پر گولی لگی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔