اسموگ کے باعث لاہور میں ہر شہری کی صحت کو خطرہ ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل
پنجاب کا دارالحکومت مسلسل دوسرے روز دنیا کا آلودہ ترین شہر رہا، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے فوری ایکشن کا مطالبہ کردیا۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے لاہور میں خطرناک اسموگ پر 'فوری ایکشن' کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فضا کے خراب معیار کی وجہ سے ہر شہری کی صحت کو خطرہ ہے۔
اس حوالے سے غیر سرکاری تنظیم (این جی او) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ اس اقدام کا مقصد دنیا بھر میں موجود حامیوں کو متحرک کرنا ہے تاکہ وہ لاہور کی آبادی کی جانب سے انتظامیہ سے ریلیف کا مطالبہ کرسکیں۔
واضح رہے کہ لاہور، جمعہ کو مسلسل دوسرے روز دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں اول نمبر پر رہا اور صبح 8 بجے کے قریب ایئرویژول کی جانب سے ریکارڈ کیا گیا شہر کی فضا کا معیار 385 پر موجود تھا، جو صحت کے لیے 'مضر' ہے۔