دنیا

یونان: ٹرک سے 41 مہاجرین زندہ حالت میں برآمد

افغانستان سے بظاہر تعلق رکھنے مہاجرین میں سے اکثر کی صحت بہتر ہے جبکہ 7 کو ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے، پولیس

شمالی یونان میں ایک ریفریجریٹڈ ٹرک میں 41 مہاجرین زندہ حالت میں پائے گئے جس کے بعد پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق پولیس نے کہا کہ افغانستان سے بظاہر تعلق رکھنے مہاجرین میں سے اکثر کی صحت بہتر ہے جبکہ 7 کو ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ ریفریجریٹڈ ٹرک میں مرد اور لڑکے موجود تھے جن کی شناخت میں چند روز لگیں گے۔

پولیس نے ٹرک کو ایگناشیا موٹروے پر زانتھی اور کوموتنی قصبوں کے درمیان روکا اور جارجیا سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ: 'کنٹینر سے برآمد 39 لاشوں کا تعلق چین سے ہے'

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ برطانیہ کی پولیس نے لندن کے مشرقی علاقے میں واقع انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایک ٹرک سے 39 افراد کی لاشیں برآمد کرنے کے بعد مشتبہ ڈرائیور کو حراست میں لیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ بلغاریہ سے روانہ ہونے والا ٹرک ویلز کے علاقے ہولی ہیڈ کے ذریعے برطانیہ میں داخل ہوا۔

پولیس نے کہا کہ انہوں نے شمالی آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔

بعد ازاں خطرناک انسانی اسمگلنگ کے واقعے کی ابتدائی تحقیقات کے دوران بندرگاہ کے نزدیک کنٹینر ٹرک سے ملنے والے تمام 39 افراد کی لاشوں کا تعلق چین سے ثابت ہوا تھا۔

دو روز قبل فرانس کے جنوبی شہر میں پولیس نے ٹرک میں چھپ کر ملک میں داخل ہونے والے 31 پاکستانیوں کو گرفتار کیا تھا۔

پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ ٹرک کے ڈرائیور کا تعلق بھی پاکستان سے تھا جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

سام سنگ گلیکسی ایس 11 میں 108 میگا پکسل کیمرا دیئے جانے کا امکان

پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کے انتخاب کے طریقہ کار کی تفصیلات جاری

حکمرانوں کو جانا ہوگا، اس سے کم پر بات نہیں بنے گی، مولانا فضل الرحمٰن