سعودی عرب میں پہلی بار خواتین کی ریسلنگ کرانے کا اعلان
سعودیہ کے دارالحکومت ریاض میں جاری ثقافتی میلے کے دوران پہلی بار خواتین مختصر لباس میں لوگوں کے سامنے فائٹ لڑیں گی۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں رواں ماہ 11 اکتوبر سے شروع ہونے والے میوزیکل و ثقافتی میلے ’ریاض سیزن‘ میں 25 اکتوبر کو پاکستانی گلوکاروں راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم نے پرفارمنس کرکے مداحوں کے دل جیتے تھے۔
وہیں اس میلے میں مشرق وسطیٰ و مغربی گلوکاروں کی جانب سے بھی شاندار پرفارمنس کرکے شائقین کو محظوظ کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
’ریاض سیزن‘ نامی یہ میلا رواں برس دسمبر کے وسط تک جاری رہے گا اور اس میں متعدد عرب فنکاروں سمیت مغربی ممالک کے فنکاروں کی جانب سے بھی پرفارمنس کیے جانے کا امکان ہے۔
اس میلے کے پروگرامات دیکھنے کے لیے سعودی عرب کے تمام شہروں سے مرد و خواتین سمیت نوجوان نسل بڑی تعداد میں پہنچ رہی ہے اور پہلی بار مرد و خواتین کو ایک ہی جگہ مکمل تفریحی ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے اور اس میلے کی تعریفیں پوری دنیا میں ہو رہی ہیں۔