کھیل

پاکستان ہاکی ٹیم لگاتار دوسری مرتبہ اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام

نیدرلینڈز نے پاکستان کو دوسرے ہاکی ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 1-6 سے شکست دے کر اولمپکس کی دوڑ سے باہر کردیا۔
Welcome

نیدرلینڈز کی ٹیم نے پاکستان کو دوسرے ہاکی ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 1-6 سے شکست دے دی جس کے ساتھ ہی قومی ٹیم لگاتار دوسری مرتبہ اولمپکس کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔

دونوں ٹیموں کے پہلا ٹیسٹ میچ 2-2 سے بربار ہونے کے بعد شائقین کو امید تھی کہ انہیں دوسرے میچ میں بھی اچھی ہاکی دیکھنے کو ملے گی لیکن نیدرلینڈز کی ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو پورے میچ میں تگنی کا ناچ نچاتے ہوئے ہاکی کا بھولا ہوا سبق پڑھا دیا۔

گزشتہ روز ایمسٹل وین میں کھیلے گئے میچ کے 9ویں ہی منٹ میں نیدرلینڈز کے بیجورن کیلرمین نے اپنی ٹیم کا کھاتا کھولا جسے 17ویں منٹ میں وین ڈر وردن منک نے گول کر کے دگنا کردیا۔

5منٹ بعد کیلرمین نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول اسکور کیا جبکہ 29ویں منٹ میں وردن منک نے بھی اپنا دوسرا گول اسکور کر لیا۔

مخالف ٹیم کی جانب سے گول پوسٹ پر کیے جا رہے تابڑ توڑ حملوں سے حواس باختہ قومی ٹیم حریفوں پر گول کرنے کی تمام تر تدبیریں بھول گئی اور 39ویں منٹ میں پیٹر ٹیرنس نے پانچواں گول اسکور کردیا۔

میچ کے تیسرے کوارٹر کے اختتام سے قبل نیدرلینڈز کی ٹیم نے چھٹا گول داغ کر پاکستانی ٹیم کو بے حال کردیا۔

آخری کوارٹر میں میزبان ٹیم کوئی گول اسکور نہ کر سکی اور میچ کے اختتام سے چند منٹ قبل رضوان علی پاکستان کی جانب سے میچ کا واحد گول اسکور کر کے کچھ لاج رکھ لی۔

پاکستان کوناصرف میچ میں 1-6 کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا بلکہ اس کے ساتھ ہی پاکستان کا کے قومی کھیل کی ٹیم لگاتار دوسری مرتبہ اولمپکس کے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی اور ایونٹ کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔