دنیا

جاپان کے بادشاہ نارو ہیتو نے باضابطہ طور پر تخت سنبھال لیا

رواں برس مئی میں نارو ہیتو کے والد آکی ہیتو نے تخت چھوڑ دیا تھا جس کے بعد نارو ہیتو بادشاہ بنے تھے۔

رواں برس اپریل میں جاپان کے سابق بادشاہ آکی ہیتو بادشاہت اور تخت سے علیحدہ ہوگئے تھے۔

وہ 200 سال میں پہلے جاپانی بادشاہ تھے جو اپنی زندگی میں ہی تخت سے الگ ہوئے تھے۔

آکی ہیتو کی جانب سے بادشاہت سے علیحدہ ہونے کے بعد ان کے بیٹے 59 سالہ نارو ہیتو نے یکم مئی 2019 کو بادشاہت کا تخت سنبھالا تھا۔

ان کی جانب سے یکم مئی کو تخت سنبھالے جانے کے بعد انہوں نے اپنا پہلا خطاب بھی کیا تھا۔

نارو ہیتو کی جانب سے مئی میں تخت سنبھالے جانے کی سرکاری تقریب منعقد کی گئی تھی، تاہم اب انہوں نے روایتی بادشاہی طریقے کے تحت باضابطہ طور پر تخت سنبھال لیا اور وہ جاپان کے 126 ویں بادشاہ بن گئے۔

یہ بھی پڑھیں: جاپان کی 200 سالہ تاریخ میں پہلی بار بادشاہ تخت سے دستبردار

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق نارو ہیتو کی جانب سے تخت سنبھالے جانے سے متعلق تقریب میں دنیا کے مختلف ممالک کے سربراہوں اور بادشاہوں نے شرکت کی۔

تخت چھوڑنے والے بادشاہ آکی ہیتو نے آخری خطاب میں عوام کا شکریہ بھی ادا کیا تھا —فوٹو: رائٹرز

ناروہیتو کی جانب سے باضابطہ تخت نشینی کی تقریب میں دنیا بھر کی 2 ہزار اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی، جس میں پاکستانی صدر عارف علوی اور ان کی اہلیہ بھی شامل تھیں۔

تقریب میں شرکت کرنے والے عالمی مہمانوں کے لیے نئے بادشاہ نے ضیافت کی تقریب کا بھی اہتمام کیا۔

مزید پڑھیں: جاپان میں نئے دور کا آغاز، نئے بادشاہ نے تخت سنبھال لیا

خیال رہے کہ نارو ہیتو بادشاہ بننے سے قبل ولی عہد تھے اور وہ 25 برس کی عمر میں ولی عہد بنے تھے۔

نارو ہیتو نے مئی 2019 کو سرکاری طور پر عہدہ سنبھالا تھا —فوٹو: اے ایف پی

ان کے والد آکی ہیتو نے 2016 میں بڑھتی عمر اور بیماریوں کی وجہ سے تخت سے علیحدگی کا عندیہ دیا تھا جس کے بعد جاپانی پارلیمنٹ نے شاہی قوانین میں ترمیم کی تھی۔

شاہی قوانین میں ترمیم کے بعد آکی ہیتو نے 2017 میں اعلان کیا تھا کہ وہ 30 اپریل 2019 کو تخت سے الگ ہوجائیں گے اور رواں برس وہ وعدے کے مطابق تخت سے علیحدہ ہوگئے تھے۔

نارو ہیتو جاپان کے 126 ویں بادشاہ بن گئے —فوٹو: اے پی

جاپان کی 200 سالہ تاریخ میں وہ پہلے بادشاہ تھے جنہوں نے زندگی میں ہی تخت سے علیحدگی اختیار کی اور نارو ہیتو بھی وہ پہلے بادشاہ ہیں جنہوں نے ایک زندہ بادشاہ کے تخت چھوڑنے کے بعد تخت سنبھالا۔

بادشاہ ناروہیتو کے دور کو ’ریوا‘ کا نام دیا گیا ہے جب کہ ان کے والد اور سابق بادشاہ آکی ہیتو کے دور کو ’ہے سے’ کہا جاتا تھا۔

جاپان میں بادشاہ بدلنے سے دور بھی بدل جاتا ہے اور نئے بادشاہ کی جانب سے تخت سنبھالے جانے سے قبل ہی اس کے دور کے نام کا اعلان کردیا جاتا ہے۔

بادشاہ کی اہلیہ ماساکو نئی رانی بن گئیں—فوٹو: اے پی