پاکستان

سندھ حکومت کراچی کیلئے ایک قدم اٹھائے، وفاق دو اٹھائے گا، خسرو بختیار

وفاقی حکومت نے کراچی کی تعمیر وترقی کے لیے عالمی اداروں سے ایک اعشاریہ 6 ارب ڈالر قرضہ منظور کرایا ہے، وفاقی وزیر

وفاقی وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کراچی کے لیے ایک قدم اٹھائے گی تو وفاق دو قدم اٹھائے گا۔

وزیر اعظم کے کراچی کے دورے کے بعد گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کے ہمراہ گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خسرو بختیار نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہتی ہے، جبکہ کراچی کی تعمیر و ترقی اور منصوبوں کی تکمیل کے لیے عالمی اداروں سے قرضوں کی منظوری ہوچکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے کراچی کی تعمیر وترقی کے لیے عالمی اداروں سے ایک اعشاریہ 6 ارب ڈالر قرضہ منظور کرایا ہے، سندھ حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے اور امید ہے کہ صوبائی حکومت سیاست سے بالاتر ہو کر کراچی کی ترقی کے لیے کام کرے گی۔

خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کراچی کے لیے ایک قدم اٹھائے گی تو وفاق دو قدم اٹھائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی کے منصوبوں سمیت گرین لائن، ریڈ لائن اور دوسرے ٹرانسپورٹ منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے مسائل کا حل سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، عمران خان

وزیراعظم سے ملاقات کیلئے وزیراعلیٰ کو دعوت کی ضرورت نہیں ہوتی،گورنر سندھ

پریس کانفرنس کے دوران گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خا ن کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے انہوں نے اسد عمر کو خصوصی ہدایت دی ہیں۔

مراد علی شاہ کی وزیر اعظم سے ملاقات سے متعلق انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو وزیر اعظم کی آمد کے موقع پر کوئی دعوت نامہ دینے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

گورنر سندھ نے مولانا فضل الرحمٰن کے دھرنے کو ایک وزارت کی مار قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'مولانا کو وزیر اعظم ایک وزارت کی پیش کش کریں تو وہ سارا دھرنا بھول جائیں گے۔'

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے کراچی کا مختصر دورہ کیا، جہاں انہوں نے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل سے ملاقات کی۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سمیت سندھ اسمبلی کے پی ٹی آئی اراکین سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے لیکن وفاقی حکومت عوام کی فلاح کو دیکھتے ہوئے ان مسائل کے حل کے لیے اپنے وسائل بروئے کار لائے گی۔

کوشش ہے ماضی میں ریکوڈک کی ٹھیکیدار کمپنی دوبارہ پاکستان میں کام کرے، وزیراعظم

فیس بک صحافتی اداروں کے ساتھ ’نیوز ٹیب‘ متعارف کرانے کو تیار

100 گیندوں کی کرکٹ لیگ: کیا انقلابی ہونے والا ہے؟