پاکستان

حکومت 400 محکموں کو بند کرنے پر غور کر رہی ہے، فواد چوہدری

حکومت روزگار فراہم نہیں کرسکتی، اگر ہم روزگار دلانے لگ جائیں تو معیشت تباہ ہوجائے گی، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی
|

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران کیے گئے اہم ترین وعدے سے انحراف کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے عوام سے کہا ہے کہ روزگار کے لیے حکومت کی جانب نہ دیکھیں۔

اسلام آباد کے انجینئرنگ اداروں کے دوسرے ڈینز انٹرنیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 'حکومت عوام کو روزگار فراہم نہیں کرسکتی بلکہ میں آپ کو یہ بتانا چاہوں گا کہ حکومت 400 محکموں کو بند کرنے پر غور کر رہی ہے'۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 'پاکستان یا دنیا کے دیگر ممالک کی حکومتیں سکڑ رہی ہیں'۔

مزید پڑھیں: پاکستان تحریک انصاف کا ایک سال: معاشی میدان میں کیا کچھ ہوا؟

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ نہایت ضروری ہے کہ عوام کو بتایا جائے کہ حکومت روزگار فراہم نہیں کرسکتی، اگر ہم روزگار دلانے لگ جائیں تو معیشت تباہ ہوجائے گی'۔

انہوں نے کہا کہ 'یہ 1970 کی سوچ ہوا کرتی تھی کہ حکومت روزگار فراہم کرے گی مگر اب نجی شعبے روزگار فراہم کرتے ہیں'۔

بعد ازاں انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 'نوکریاں حکومت نہیں نجی شعبہ دیتا ہے، حکومت کا کام صرف ماحول پیدا کرنا ہے جہاں نوکریاں ہوں، یہ نہیں کہ ہر شخص سرکاری نوکری تلاش کرے'۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے حکومت میں آنے سے قبل اپنے منشور میں کہا تھا کہ وہ چھوٹے اور درمیانی صنعتوں، ہاؤسنگ اسکیمز، انفارمیشن اینڈ کمیونکیشن ٹیکنالوجی، صحت، تعلیم اور سبز معیشت و سیاحت کے شعبوں میں ایک کروڑ نوکریاں فراہم کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی حکومت کے دوران مہنگائی کی شرح میں نمایاں اضافہ

فواد چوہدری نے خود جنوری کے مہینے میں کہا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت وعدے کے مطابق نوجوانوں کے لیے جلد ایک کروڑ روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے جبکہ غریبوں کے لیے 5 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے۔

قبل ازیں وزیر منصوبہ بندی و ترقی مخدوم خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ حکومت 5 سالوں میں ایک کروڑ روزگار پیدا کرے گی اور معاشی ترقی کو اصلاحات کے ذریعے مستحکم بنائے گی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہماری حکومت اصلاحات کے لیے ہے'۔