تینوں سائنسدانوں میں تقریبا 10 لاکھ امریکی ڈالر کی رقم تقسیم کی جائے گی —فوٹو: نوبیل پرائز ٹوئٹر
دنیا کا سب سے معتبر ایوارڈ دینے والی سویڈن کی سویڈش اکیڈمی آف نوبیل پرائز نے ’اکنامکس‘ (اقتصادیات) کا انعام مشترکہ طور پر فرانسیسی و بھارتی نژاد تین امریکی ماہرین کو دینے کا اعلان کردیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اقتصادیات کا نوبیل انعام جیتنے والے تین میں سے 2 ماہرین میاں بیوی ہیں۔
سویڈش اکیڈمی کی جانب سے رواں برس کے آخری نوبیل انعام اقتصادیات کا اعلان 14 اکتوبر کو کیا گیا، اس سے قبل اکیڈمی پانچوں شعبوں کے اعلانات کر چکی تھی۔
سویڈش اکیڈمی کے مطابق دنیا سے غربت کو ختم کرنے کے حوالے سے تحقیق کرنے اور معاشی پالیسیاں تجویز کرنے پر تینوں امریکی نژاد ماہرین کو مشترکہ طور پر انعام دیا جائے گا۔
انعام حاصل کرنے والے تین ماہرین میں سے 2 میاں اور بیوی ہیں، انعام حاصل کرنے والی 46 سالہ فرانسیسی نژاد امریکی ماہر اقتصادیات 46 سالہ ایستھر ڈوفلو اور 58 سالہ بھارتی نژاد ابھیجیت بینر میاں اور بیوی ہیں۔
دونوں میاں بیوی سالوں سے امریکا میں رہائش پذیر ہیں جب کہ ان کے ساتھ انعام حاصل کرنے والے 54 سالہ مائیکل کریمر کا تعلق بھی امریکا سے ہی ہے۔
تینوں ماہرین نے اپنے مختلف معاشی و اقتصادی نظریات میں غربت کو ختم کرنے کی تجاویز پیش کیں۔
نوبیل کمیٹی نے اس سے قبل 11 اکتوبر کو امن کے نوبیل انعام کا اعلان کیا تھا۔
اس بار امن کا نوبیل انعام افریقی ملک ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد کو ایریٹیریا میں امن کی جانے والی کوششوں پر دیا جائے گا۔
نوبیل کمیٹی نے ادب کے نوبیل انعام کا اعلان رواں ماہ 10 اکتوبر کو کیا تھا اور پہلی بار کمیٹی نے ادب کے 2 انعامات کا اعلان کیا تھا۔
سویڈش کمیٹی نے گزشتہ برس ادب کے نوبیل انعام کا اعلان نہیں کیا تھا، اس لیے رواں برس گزشتہ سال والے ایوارڈ کا بھی اعلان کیا گیا۔
ادب کا 2018 کا نوبیل انعام پولینڈ کی خاتون لکھاری و ناول نگار 57 سالہ اولگا توکارزک کو دیا گیا تھا۔
ادب کا 2019 کا نوبیل انعام آسٹریا کے ناول نگار و لکھاری 76 سالہ پیٹر ہینڈکے کو دیا جائے گا۔
اسی طرح سویڈش اکیڈمی نے 9 اکتوبر کو ’کیمسٹری‘ (کیمیا) کے نوبیل انعام کا اعلان کرتے ہوئے مشترکہ طور پر امریکا، برطانیہ اور جاپان کے سائنسدانوں کو دیا تھا۔
کیمیا کا نویبل انعام امریکی سائسندان 97 سالہ جان گڈناف، برطانوی سائنسدان ایم اسٹینلی وٹنگھم اور جاپانی سائنسدان آکرا یوشینو کو دیا جائے گا۔
سویڈش اکیڈمی نے 8 اکتوبر کو ’فزکس‘ (طبیعات) کا ایوارڈ سوئٹزرلینڈ اور امریکا کے تین سائسندانوں کو مشترکہ طور پر دینے کا اعلان کیا تھا۔
طبیعات کا انعام امریکی نژاد کینیڈین سائنسدان جیمز پیبلز و سوئٹزرلینڈ کے سائنسدانوں مائیکل میئر اور دیبر کوئلوز کو دیا جائے گا۔
سویڈش اکیڈمی نے 7 اکتوبر کو تین سائنسدانوں کو طب کا نوبیل انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔
طب کا نوبیل انعام آکسفورڈ یونیورسٹی کے سر پیٹر ریٹکلیف، ہارورڈ یونیورسٹی کے ولیم کیالین اور جونز ہوپکنز یونیورسٹی کے گریگ سمینزا کو دیا جائے گا۔
ان تمام سائنسدانوں کو رواں برس 10 دسمبر کو اپنے انعامات سے نوازا جائے گا۔