پاکستان

کراچی: میڈیکل کی طالبہ کا قاتل 'کچرا چننے والا' گرفتار

پولیس نے ایم کیو ایم لندن کے سفاک ٹارگٹ کلر کو بھی گرفتار کیا ہے جو قتل کی 111 وارداتوں میں ملوث ہے، ایس ایس ایسٹ
|

کراچی پولیس نے ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے جاں بحق میڈیکل کی طالبہ مصباح کے قاتل کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم ایک سال قبل کچرا چنتا تھا اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسٹریٹ کرمنل بن گیا۔

ایس ایس پی ایسٹ اظفر مہیسر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ‘پرائیویٹ یونیورسٹی کی طالبہ مصباح کو ڈکیتی کی واردات میں مارا گیا اور ملزم سے موبائل برآمد کرلیا گیا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ملزمان نے ڈکیتی کے دوران فائرنگ کی جبکہ اس کا موقف ہے کہ وہ خود کو بے گناہ کہتا ہے لیکن حقیقت یہی ہے کہ اس نے ارادتاً فائر کیا ’۔

تفتیش کی تمام رپورٹ بتانے سے گریز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘ملزمان نے بچی سے موبائل چھیننے کی کوشش کی اور اسی پر انہوں نے فائرنگ کی تاہم ایک ملزم گرفتار ہے اور دوسرا باہر ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ایس پی کی زیر نگرانی تفتیشی ٹیم نے اچھی کارروائی کی اور 4 روز کے اندر اتنا بڑا کیس حل ہوا ہے جس کا ان کو کریڈٹ دینا چاہیے’۔

مزید پڑھیں: کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر میڈیکل کی طالبہ قتل

ایس ایس پی ایسٹ نے کہا کہ ڈی آئی جی ایسٹ کی ہدایت پر بنائی گئی ٹیم نے ملزم کو گرفتار کیا ہے جس کی شناخت محمد نبی کے نام سے ہوئی ہے اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی قبضے میں لی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم ایک سال قبل کچرا چنتا تھا اور بعد میں اس نے بیٹریاں چرانا شروع کیں اور گزشتہ پانچ ماہ سے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسٹریٹ کرائم کر رہا ہے۔

اظفر مہیسر نے کہا کہ ملزم نے دوران تفتیش گلشن اقبال، مبینہ ٹاؤن، گلستان جوہر، شاہراہ فیصل، بہادر آباد، عزیز بھٹی، سچل اور سپرہائی وے میں وارداتوں کا اقرار کیا ہے۔

آئی جی سندھ کلیم امام، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی ایسٹ نے پولیس کی ٹیم کو تعریفی اسناد دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ 3 ستمبر کو کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر میڈیکل کی طالبہ 24 سالہ مصباح کو گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی: گھروں میں ڈکیتی، مزاحمت پر خاتون ڈاکٹر اور پولیس افسر کا گارڈ قتل

مقتولہ کے چچا کاشف احمد کا کہنا تھا کہ ان کی بھتیجی مصباح عابد ٹاؤن کی رہائشی تھیں اور ہمدرد یونیورسٹی میں تیسرے سال کی طالبہ تھیں۔

‘ایم کیو ایم (لندن) کا ٹارگٹ کلر گرفتار’

ایس ایس پی ایسٹ اظفر مہیسر نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ‘اینٹی اسٹریٹ کرائم اسکواڈ ڈسٹرکٹ ایسٹ اور سولجر بازار پولیس نے کارروائی کرکے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر عبدالسلام کو گرفتار کیا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ٹارگٹ کلر نے فوجی جوانوں اور پولیس اہلکاروں سمیت 111 افراد کو قتل کیا تاہم پولیس نے ملزم کو نشتر روڑ سے گرفتار کیا’۔

ایس ایس پی ایسٹ نے کہا کہ ایک پورا گینگ ہے جس میں مختلف کارکن اور مجرمان شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم سرکاری ملازم تھا جبکہ 12 مئی سمیت دیگر واقعات میں شامل تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسے متعدد مرتبہ گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔