پاکستان

مولانا فضل الرحمٰن کو ایسا بٹھائیں گے کہ وہ اٹھ نہیں پائیں گے، پی ٹی آئی رہنما

اڈیالہ اور اٹک جیل میں ایکسر سائز مشین رکھ رہے ہیں تاکہ وہاں موجود قیدی اپنا وزن کم کرسکیں، فیصل واڈا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واڈا کا کہنا ہے کہ مولانا صاحب کہتے ہیں کہ وہ لمبے عرصے کے لیے اسلام آباد میں بیٹھنے آرہے ہیں، ہم انہیں ایسا بٹھائیں گے کہ وہ آئندہ اٹھ ہی نہیں پائیں گے۔

کراچی میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واڈا کا کہنا تھا کہ حکومت کو مولانا فضل الرحمٰن کا بے صبری سے انتظار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'دھرنے والوں کے لیے کھانا اور کنٹینر کے انتظام کرنے سے پہلے مولانا صاحب کے لیے باتھ روم کا انتظام ضروری ہے، حکومت اڈیالہ جیل اور اٹک جیل میں ایکسرسائز مشین رکھ رہی ہے تاکہ وزن کم کرنے کا بھی کچھ انتظام ہوجائے'۔

شہباز شریف اس لانگ مارچ کا حصہ نہیں بنیں گے، شیخ رشید

اس موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 'اسلام آباد سے چلا تو خبریں ملی تھیں کہ مولانا صاحب راضی ہوگئے ہیں، نہیں معلوم کہ 24 گھنٹوں میں ایسا کیا ہوگیا تاہم یہ واضح کرتا ہوں کہ 27 اکتوبر خوش اسلوبی سے گزرے گا'۔

مزید پڑھیں: آزادی مارچ کا آغاز 27 اکتوبر سے ہوگا، مولانا فضل الرحمٰن

— فوٹو: ڈان نیوز

انہوں نے کہا کہ '5 افراد کو وزیر اعظم باہر کردیں تو سارے دھرنے ختم ہوجائیں گے تاہم عمران خان دھرنا برداشت کرلیں گے مگر ان کو نہیں چھوڑیں گے'۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ 'آج زرداری اور بلاول کی سیاست مختلف ہے اور شہباز شریف اور نواز شریف کی سیاست مختلف ہے، مجھے پورا یقین ہے کہ شہباز شریف اس لانگ مارچ کا حصہ نہیں بنیں گے'۔

'ریلوے ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کا کام کرے گی'

شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ 'ملک کی معیشت چل پڑی ہے مہنگائی، بلنگ اور جو کاروباری طبقہ باتیں کر رہا ہے اس کا عمران خان کو معلوم ہے اور اس کا نقصان بھی اس کی سیاست کو ہورہا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ عمران خان کی قیادت میں معیشت آگے بڑھے گی اور پاکستان ریلوے اس معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کا کام کرے گی'۔

انہوں نے کہا کہ 'نیب کاروباری برادری کو تنگ نہیں کر رہی وہ منی لانڈرنگ کو روک رہی ہے'۔

'ریلوے کی آمدنی میں 10 ارب کا اضافہ کیا'

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ 'جب ہم نے حکومت سنبھالی تو کم لوڈ پر 8 ٹرینیں چلتی تھیں جسے ہم نے بڑھا کر 15 کردیا اور 80 لاکھ مسافر بڑھائے ہیں جبکہ سالانہ آمدنی میں بھی 10 ارب کا اضافہ کیا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: لیگی وفد کی مولانا فضل الرحمٰن کو آزادی مارچ کی تاریخ میں توسیع کی تجویز

انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی سے لاہور تک چلنے والی جناح ایکسپریس کے ساتھ 15 تاریخ سے اکانومی کے ڈبے بھی لگائے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ایم ایل ون، نالہ لئی اور راولپنڈی رنگ روڈ میرے بڑے منصوبے ہیں اور یہ عمران خان ہی کے دور میں مکمل ہوں گے اور کوشش کریں گے کہ ایم ایل ٹو کی بنیاد رکھ کر جائیں'۔

'عمران خان سیاست دانوں سے ڈیل کرلے گا'

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 'میں نے عمران خان سے کہا تھا کہ سکون سے اپنی حکومت گزاریں اور انہیں جانیں دیں، جس پر انہوں نے کہا کہ میں مشکلات کا سامنا کرنے کو تیار ہوں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'عمران خان نے جب حکومت بنائی تو ملک کا دیوالیہ ہونے لگا تھا اور ملک کے اثاثے خطرے میں تھے تاہم عمران خان نے ملک کو دیوالیے سے بچایا ہے اور پوری امید ہے کہ عمران خان سیاست دانوں سے ڈیل کرلے گا'۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 'لاہور جیل میں ایک لڑکی سے موبائل فون برآمد ہوا ہے اور جو لوگ رابطے میں تھے اس کی تمام معلومات مل گئی ہے مجھے امید ہے کہ متعلقہ حکام اس پر بہت جلد اہم انکشافات کریں گے'۔