آدم خوروں پر بنی فلم ’درج‘ کو نمائش کی اجازت نہ مل سکی
فلم ساز شمعون عباسی کی آنے والی ہارر فلم ’درج‘ کو پاکستان میں نمائش کی اجازت نہیں مل سکی اور اب خیال کیا جارہا ہے کہ ان کی فلم ملک میں ریلیز نہیں کی جائے گی۔
فلم کی ٹیم کے پاس اجازت نہ دیے جانے کے خلاف درخواست دائر کرنے کا حق حاصل ہے اور اگر فلم کی ٹیم نے فلم سینسر بورڈز کے خلاف درخواست دائر کردی تو اس پر سماعت کرنے والا پینل فلم کو ریلیز کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ کرے گا۔
فلم ساز شمعون عباسی نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کی فلم کو پنجاب اور سندھ سینسر بورڈز کے علاوہ مرکزی سینسر بورڈ نے بھی اجازت نہیں دی۔
شمعون عباسی نے بتایا کہ ابتدائی طور پر سندھ اور پنجاب فلم سینسر بورڈز نے ان کی فلم کو نمائش کی اجازت دی تھی، تاہم مرکزی فلم سینسر بورڈ کی جانب سے اجازت نہ دینے کے بعد دونوں صوبائی بورڈز نے بھی اجازت منسوخ کردی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں فلم کو نمائش کی اجازت نہ دینے کی کوئی معقول وجہ نہیں بتائی گئی اور وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ آخر فلم کو کس اعتراض پر روکا گیا؟