پاکستان

زلزلہ متاثرین کے لواحقین کیلئے فی کس 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان

عمران خان نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو زلزلہ متاثرین کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی، دفتر وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے ) اور صوبہ پنجاب میں حالیہ زلزلے میں جاں بحق ہونے والے ہر شخص کے لواحقین کے لیے 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے ٹیلیفونک گفتگو میں مذکورہ اعلان کیا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم عمران خان کو 24 ستمبر کو آنے والے زلزلے اور اس کے آفٹرشاکس کے بعد میرپور میں پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم کو آزاد کشمیر کے اضلاع میرپور اور بھمبر اور پنجاب کے ضلع جہلم کے متاثرہ علاقوں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع، زخمیوں اور املاک کے نقصان سے بھی آگاہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر، پنجاب، خیبرپختونخوا میں شدید زلزلہ، 25 افراد جاں بحق، 400 زخمی

وزیراعظم نے قیمتی انسانی جانوں، املاک کے نقصان اور متاثرہ افراد کو درپیش مشکلات پر شدید دکھ کا اظہار کیا اور چیئرمین این ڈی ایم اے کو تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے زلزلہ متاثرین کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

اس حوالے سے وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’ وزیراعظم کی ہدایات کو مدنظر ر کھتے ہوئے زلزلے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں کو 5 لاکھ روپے امداد دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ زخمیوں اور املاک کے نقصانات کا درست تخمینہ لگا کر امدادی پیکیج کا اعلان بعد میں کیا جائے گا‘۔

وزیراعظم نے زلزلہ متاثرین خاص طور پر زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو فوری طور پر مالی تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے فوری طور پر متاثرہ افراد کو معاونت فراہم کرنے اور متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی روابط بحال کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

ساتھ ہی وزیراعظم عمران خان نے وطن واپسی کے بعد نقصانات کا جائزہ لینے اور متاثرہ افراد سے ملاقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

علاوہ ازیں نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے (8 اکتوبر 2005) کی یاد میں نیشنل ریزیلینس ڈے منانے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر: ’زلزلے سے تباہ حال جاتلاں سڑک کل شام تک کھول دی جائے گی‘

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر کے جنوبی علاقے میں زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 38 تک پہنچ گئی اور ضلع میرپور میں متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ ہے جبکہ دیگر متاثرین کا تعلق بھمبر اور جہلم سے ہے۔

رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر، راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف ہسپتالوں میں 500 افراد زیرِ علاج ہیں۔

علاوہ ازیں این ڈی ایم اے، پنجاب اور مقامی انتظامیہ کی مختلف سروے ٹیمیں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لے رہی ہیں اور املاک کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا۔


یہ خبر 28 ستمبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی