وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جنیوا میں جاری اقوامِ متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے اجلاس کے موقع پر عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس، سینیگال کے وزیر خارجہ احمدوبا اور او آئی سی گروپ کے سفراء سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دوران ملاقات مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل کرفیو کے سبب انسانی جانوں کو درپیش شدید خطرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے ڈاکٹر ٹیڈروس کو آگاہ کیا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست سے مسلسل کرفیو نافذ کر رکھا ہے صورتحال اس قدر تشویشناک ہے کہ خوراک اور ادویات تک میسر نہیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میڈیکل سٹاف کو حاملہ خواتین، بچوں اور بوڑھوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے جس کے باعث مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویش ناک صورتحال ایک نئے انسانی المیے کے رونما ہونے کی نشاندہی کر رہی ہے۔
انہوں نے عالمی ادارہ صحت سے لاکھوں نہتے کشمیریوں کی زندگیاں بچانے کیلئے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کونسل برائے انسانی حقوق کے 42 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے 9 سے 11 ستمبر تک سوئٹرزلینڈ کے شہر جنیوا کا دورہ کررہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دنیا بھر سے آئے مندوبین کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا معاملہ اٹھایا۔
اجلاس کے دوران شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اورغیر قانونی اقدامات کے معاملے پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کروائی اور ان کے نتیجے میں خطے کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔
وزیرخارجہ جینیوامیں عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) کے علاہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔
اس کے علاوہ وہ جینیوامیں مقامی اور عالمی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور مختلف عالمی اور علاقائی مسائل پرپاکستان کاموقف اور نقطہ نظر پیش کیا۔
اس سے قبل اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کی سربراہ مشیل باشیلے نے بھی مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی حکومت کے اقدامات کے بعد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیا تھا کہ شہریوں کی بنیادی ضروریات تک رسائی کو یقینی بنایا جائے۔
شاہ محمود قریشی کی سینیگال کے وزیر خارجہ سے ملاقات
علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنیوا میں جاری انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے موقع پر سینیگال کے وزیر خارجہ احمدوبا سے بھی ملاقات کی اور انہیں بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے غیر انسانی سلوک اور مقبوضہ وادی کے عوام کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا۔