پاکستان

وزیراعظم اور آرمی چیف کی لائن آف کنٹرول پر جوانوں سے ملاقات

عمران خان نے شہدا کے اہلِ خانہ سے ملاقات کے علاوہ اور مظفرآباد میں ایل او سی کا دورہ بھی کیا، آئی ایس پی آر
|

وزیراعظم عمراں خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا اور وہاں تعینات فوجی جوانوں سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اگلے مورچوں پر تعینات فوجی جوانوں اور شہدا کے اہلِ خانہ سے ملاقاتیں کی۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام بھی تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم کو اس موقع پر ‘ایل او سی کی موجودہ صورت حال سے آگاہ کیا گیا’۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 'وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا موثر جواب دینے کے لیے بھرپور تیاریوں کو سراہا'۔

وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف کے ہمراہ فوجیوں سے ملے اور شہیدوں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ‘بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں غیر مسلح شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم کشمیریوں کو بند رکھنا انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بدترین مثالیں ہیں’۔

قبل ازیں آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان متوقع طور پر مظفرآباد کا دورہ کریں گے جہاں وہ شہریوں سے خطاب بھی کریں گے۔

وزیراعظم کے ہمراہ وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چیئرمین کشمیر کمیٹی فخر امام بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں یومِ دفاع کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر منایا جارہا ہے

اس سے قبل صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہید کیپٹن محمد الحسنین کے گھر کا دورہ کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کیں۔

صدر مملکت نے شہید کیپٹن کے اہلِ خانہ سے ملاقات میں کہا کہ پوری قوم شہدا اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتی ہے۔

علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی راولپنڈی میں شہید کیپٹن جنید عرفان کے گھر گئے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قوم کو اپنے تمام شہدا پر فخر ہے جنہوں نے پاکستان کے مستقبل کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

اسی طرح اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کیپٹن کرنل شیر خان کی یادگار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو کارگل میں بہادری کی تاریخ رقم کرنے پر نشانِ حیدر کا اعزاز دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ 6سمتبر کو ملک بھر میں یوم دفاع، یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا گیا جس کا مقصد وطنِ عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے ساتھ ساتھ بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی حمایت کا اعادہ کرنا تھا۔

اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے مزارات پر گارڈ کی تبدیلی کی پُروقار تقاریب منعقد ہوئیں، جس میں پاک فضائیہ نے مزارِ قائد جبکہ پاک فوج نے مزار اقبال پر گارڈ کے فرائض سنبھالے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا 'یوم دفاع' کو 'یوم یکجہتی کشمیر' کے طور پر منانے کا فیصلہ

شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یوم دفاع کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔

اس خصوصی تقریب میں آرمی چیف نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

یومِ دفاع و شہدا کے سلسلے میں نیول ہیڈ کوآرٹر اسلام آباد میں بھی تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمانِ خصوصی وائس ایڈمرل کلیم شوکت تھے۔

علاوہ ازیں یوم دفاع کی مناسبت سے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آج سہ پہر 3 بجے ملک بھر میں تمام دفاتر بند کردیے گئے اور پاکستانی عوام کی جانب سے کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔