پاکستان

پیپلز پارٹی کا آصف علی زرداری کو ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ

آصف علی زرداری کی صحت کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے اور حکومت انتقام کی ضد پر اڑی ہے، رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمٰن
|

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے سابق صدر و پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما سینیٹر شیری رحمٰن نے اپنے بیان میں کہا کہ آصف علی زرداری کو جیل میں علاج کی کوئی سہولت میسر نہیں، ڈاکٹرز نے سابق صدر کو فوری ہسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی ہے لیکن اس کے بعد بھی انہیں جیل میں رکھا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی صحت کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے اور حکومت انتقام کی ضد پر اڑی ہے، لیکن انتقامی سرکار پیپلز پارٹی کو جھکا نہیں سکتی۔

شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ حکومت ہمیں سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کرے جبکہ آصف علی زرداری کو کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری گرفتار

واضح رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘جیل میں حکومت کے اپنے ڈاکٹروں نے کہا کہ سابق صدر کو یہ بیماریاں ہیں، ان کا یہ معائنہ کروانا ہے اس لیے انہیں فوراً ہسپتال بھیج دیں مگر حکومت اور جیل حکام انکار کر رہے ہیں حالانکہ ان ڈاکٹروں کو بلانے کی درخواست آصف علی زرداری نے نہیں کی تھی’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پیپلز پارٹی نے ماضی میں بھی یہ دیکھا ہے، ہمیں نہیں پتہ کہ معاملہ کتنا سنجیدہ اور اہم ہے کیونکہ میں ڈاکٹر نہیں ہوں، تاہم اس کے باوجود ڈاکٹر کے مشورے پر عمل نہیں ہورہا ہے’۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ‘ہم نے دیکھا کہ کس طریقے سے اس ریاست، اس نظام، اس عدلیہ اور ان جیلوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو قتل کیا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو شہید ہوئی اور آج ہم یہ سمجھتے ہیں کہ حکومتِ وقت زرداری کو طبی سہولیات نہ دے کر اور اپنے ڈاکٹروں کے مشورے کو نہ مان کر زرداری کے کو قتل کی کوشش کر رہی ہے’۔

مزید پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف زرداری کی بہن فریال تالپور بھی گرفتار

انہوں نے کہا کہ ‘ہم عدالت میں جائیں گے کہ ڈاکٹروں کی جانب سے یہ کہا گیا ہے لیکن حکومت اس پر عمل نہیں کررہی ہے، خدا نخواستہ اگر کچھ زرداری کی صحت کے ساتھ ہوتا ہے تو جولوگ اس پر عمل نہیں ہونے دے رہے ہیں یہ نامزد لوگ قصور وار ہوں گے’۔

یاد رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد آصف علی زرداری کو 10 جون کو گرفتار کرلیا تھا۔

ان کی ہمشیرہ فریال تالپور بھی اسی کیس میں نامزد تھیں اور نیب نے چند روز بعد انہیں بھی گرفتار کر لیا تھا۔