سائنس و ٹیکنالوجی

اوپو کا ایک اور نیا فلیگ شپ متعارف ہونے کے لیے تیار

اس میں شارک فن کی طرح کا پوپ اپ سیلفی کیمرے کے ساتھ 20 ایکس زوم کا فیچر ہوگا جبکہ بیک پر 4 کیمرے ہوں گے۔

چینی کمپنی اوپو نے رواں سال اپریل میں اپنا فلیگ شپ فون رینو 10 زوم متعارف کرایا تھا جس میں نئے انداز کا سیلفی کیمرا دیا گیا تھا اور اب چند ماہ بعد ہی اس کا اپ ڈیٹ ماڈل بھی سامنے آرہا ہے۔

اوپو کی جانب سے کی گئی ٹویٹ کے مطابق اوپو رینو 2 رواں ماہ کے آخر میں متعارف کرایا جارہا ہے اور اس میں شارک فن کی طرح کا پوپ اپ سیلفی کیمرے کے ساتھ 20 ایکس زوم کا فیچر ہوگا جبکہ بیک پر 4 کیمرے ہوں گے۔

اہم بات یہ ہے کہ اوپو نے زوم کے حوالے سے کوئی تفصیل نہیں دی کہ وہ آپٹیکل، ڈیجیٹل یا ہائیبرڈ میں سے کونسا ہوگا۔

رینو 10 ایکس زوم میں 5 ایکس آپٹیکل زوم، 10 ایکس ہائیبرڈ اور 60 ایکس ڈیجیٹل زوم دیا گیا تھا تو سوچا جاسکتا ہے کہ اپ ڈیٹ ورژن میں 20 ایکس ہائیبرڈ زوم دیا جاسکتا ہے۔

کمپنی نے اس نئے فون کے بارے میں مزید کوئی تفصیل نہیں دی بس اعلان میں اوپو رینو 2 سیریز کا ذکر ہے، جس سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ یہ ایک سے زیادہ فونز ہوں گے۔

جیسے اوپو رینو میں بھی 2 مختلف ورژن متعارف کرائے گئے تھے، ایک اوپو رینو اسٹینڈرڈ اور دوسرا اوپو رینو 10 ایکس زوم۔

اگرچہ کمپنی نے تفصیلات تو نہیں بتائیں مگر مختلف لیکس کے مطابق رینو 2 میں 6.43 انچ امولیڈ فل ویو ڈسپلے دیا جاسکتا ہے جبکہ 4065 ایم اے ایچ بیٹری ہوگی جس کے ساتھ وی او او سی فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی جائے گی۔

کمپنی کے مطابق یہ فون 28 اگست کو بھارت میں متعارف کرایا جائے گا۔