یوم آزادی پاکستان، کشمیر بنے گا پاکستان
حکومت پاکستان نے یوم آزادی کو مقبوضہ جموں کشمیر سے اظہار یک جہتی کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے اور اس حوالے سے کشمیر بنے گا پاکستان کا ایک لوگو بھی جاری کیا جاچکا ہے۔
پاکستانی قوم 14 اگست کو یوم آزادی کے طور پر بھرپور جوش و جذبے سے منائے گی اور اپنے کشمیری بہن بھائیوں پر بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف رد عمل پر ان سے بھرپور یک جہتی کی جائے گی۔
وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد جائیں گے اور قانون ساز اسمبلی میں خطاب بھی کریں گے۔
خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے رواں ماہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کے فیصلے کے بعد جاری کیا گیا لوگو 'کشمیر بنے گا پاکستان' کے عنوان پر مبنی ہے، جس پر لفظ کشمیر سرخ رنگ میں ہے جو جدوجہد آزادی کے دوران دی گئی قربانیوں کو ظاہر کرتا ہے۔
پاکستان کا پرچم مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے ہر حد پار کر جانے کے پاکستانیوں کے عزم کی ترجمانی کرتا ہے، لوگو کے گرد سرخ پٹی بھارت کے غیر قانونی قبضے اور مقبوضہ وادی میں اس کے مظالم کو اجاگر کرتی ہے۔