آئیڈیل والدین بننا ہر ماں باپ کی خواہش ہوتی ہے، لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ ایسا بننے کے لیے موثر علم حاصل کیا جائے اور پھر اس پر عمل بھی کیا جائے۔
آئیڈیل والدین کیسے ہوتے ہیں اور یہ سنگ میل کیسے عبور کیا جا سکتا ہے، یہ راز جاننے سے پہلے آپ تین مختصر کہانیاں پڑھیں، کیوں کہ ان کے پڑھنے سے آپ آئیڈیل والدین کی علامات بہتر طور پر جان سکیں گے۔
تحکمانہ والدین
راشد اور ان کی اہلیہ کے 5 بچے ہیں، بڑی بیٹی کالج میں ہے، چھوٹے بچے ابھی ابتدائی کلاسز میں پڑھ رہے ہیں، لیکن بچے، والدین کی بہت زیادہ سختی سے تنگ ہیں جبکہ والدین چاہتے ہیں کہ بس جو بول دیا جائے وہ کام فورا ہوجانا جاہیے، جس چیز سے منع کیا جائے تو اس سے فوری رک جائیں، پابندیاں بہت ہیں اور چوں چراں کی بالکل گنجائش نہیں۔
اس صورت حال میں بچوں کے لیے اپنی خواہشات پوری کرنا تو دور کی بات ہے، اس کا اظہار بھی آسان نہیں ہوتا جبکہ آزادی کا کوئی تصور ہی نہیں اور یہاں نظم و ضبط ہی زندگی کا دوسرا نام ہے۔