بھارت نے کنٹرول لائن پر کلسٹر بم سے شہریوں کو نشانہ بنایا، آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے آزاد جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک شہریوں کو کلسٹر بم کے ذریعے نشانہ بنایا جو جنیوا اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق 30 اور 31 جولائی کی درمیانی شب وادی نیلم پر بھارتی فورسز نے شیلنگ کے دوران کلسٹر بم کا استعمال کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ مذکورہ واقعے میں ایک 4 سالہ بچے سمیت 2 شہری شہید جبکہ 11 زخمی ہوگئے تھے، جن کی حالت تشویش ناک ہے۔
مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ، ایک خاتون جاں بحق
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے کلسٹر بم کا استعمال کرتے ہوئے عام شہریوں کو نشانہ بنایا جو جنیوا اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جنیوا کے ’کلسٹر ایمونیشن کنونشن‘ کے تحت عام شہریوں پر کلسٹر بم کا استعمال ممنوع ہے کیونکہ اس کے غیر مسلح افراد پر مہلک اثرات مرتب ہوتے ہیں۔