پاکستان

وزیراعظم کا 'ایف اے ٹی ایف' میں حمایت پر اماراتی ولی عہد سے اظہار تشکر

عمران خان نے محمد بن زید النہیان سے ٹیلی فونک گفتگو میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ولی عہد محمد بن زید النہیان سے 700 پاکستانی قیدیوں کی رہائی اور ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ابوظہبی کے ولی عہد کو ٹیلی فون کیا جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور پاکستان، متحدہ عرب امارات کے ساتھ مستحکم تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔

مزید پڑھیں: اماراتی ولی عہد مختصر دورے کے بعد روانہ

وزیر اعظم نے 700 پاکستانی قیدیوں کی رہائی اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) میں پاکستان کی حمایت پر اماراتی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ رواں برس کے آغاز میں اماراتی ولی عہد نے وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کا مختصر دورہ کیا تھا۔

شیخ محمد بن زید اور وزیراعظم عمران خان نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا تھا اور دونوں رہنماؤں نے تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ولی عہد 3 دن سے پاکستان میں تھے، آج واپسی ہوئی، وزیر اطلاعات کا دعویٰ

دونوں رہنماؤں نے خطے اور عالمی سطح پر مختلف معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور وزیراعظم عمران خان نے اماراتی ولی عہد کو مقبوضہ جموں و کشمیر اور کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے طویل مدتی سرمایہ کاری معاہدوں سمیت باہمی معاشی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کیے گئے متعدد اقدامات کی اہمیت پر بھی بات کی اور تجارت کو بڑھانے سے متعلق معاملات کو حل کرتے ہوئے ایک ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔