پاکستان

جیلوں کی صورت حال کی بہتری کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، معاون خصوصی

کابینہ نے کراچی اور حیدرآبادمیں بارشوں سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان کا ازالہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فردوس عاشق اعوان

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کابینہ نے کراچی اور حیدر آباد میں بارش سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان کا ازالہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پاکستان بھر میں جیلوں کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس بریفنگ کے لیے آئی تو صحافیوں کی جانب سے ان کے خلاف احتجاج کیا گیا اور بریفنگ وقت پر شروع نہ ہوسکی۔

صحافیوں نے معاون خصوصی سے گزشتہ پریس بریفنگ میں انتظار کے باوجود ان کے نہ پہنچنے پر احتجاج کیا اور بریفنگ چھوڑ کر چلے گئے، تاہم فردوس عاشق اعوان انہیں منا کر واپس لائیں جس کے بعد پریس کانفرنس شروع ہوئی۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ ‘وفاقی کایبنہ کے اجلاس میں فوجی طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ وزیراعظم نے جیلوں میں موجود معذور اور غریب قیدی، جو جرمانہ ادا نہیں کر پاتے ہیں، ان کو کٹگرائز کر کے ان کی حالت زار بہتر بنانے، جیلوں کی حالت بہتر کرنے اور ایسے قیدیوں کے حوالے سے دستاویزات جمع کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اس کمیٹی میں ماہرین قانون، سیکریٹری داخلہ، صوبائی سیکریٹری داخلہ اور آئی جی جیل خانہ جات سمیت تمام متعلقہ افراد کو شامل کیا گیا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘وزیر اعظم نے کمیٹی کو واضح ہدایات دی ہیں کہ وہ پاکستان بھر کی جیلوں کے اعدا و شمار اکٹھا کرکے حقائق سامنے لائے اور ایسے مستحق اور نادار قیدی جن کے پاس وکیل کرنے کی سکت نہیں ہے ان کو مفت قانونی امداد اور ان کے جرمانے ادا کرنے کے حوالے سے جو مسائل ہیں حکومت ان کی ذمہ داری لے گی’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘جو بچے چھوٹے جرائم کی سزا بھگت رہے ہیں ان کو دوسرے قیدیوں سے الگ رکھنے کے لیے جیل اصلاحات ایجنڈا کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے اور کمیٹی جلد اس حوالے سے اپنی تجاویز سامنے لائے گی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر جیل کے اندر جو نظام ہے اس کو مساوات کے تحت تبدیل کرنے کی طرف پیش رفت ہوگی’۔

کابینہ اجلاس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی جانب سے برسوں سے زیر التوا اپیلوں کو سن کر کریمنل درخواستوں کو صفر کرنے اور اپنے ادارے میں جو اصلاحات لے کر آئے ہیں اور مقدمات کے خاتمے کے لے آن لائن جو سلسلہ شروع کیا ہے، آج کابینہ نے اس کو سراہا اور نچلی سطح میں ضلعی عدالتوں تک اس کو کیسے لے جایا جاسکتا ہے اور بہتری کیسے لائی جاسکتی ہے اس پر بات ہوئی۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ موٹرویز کے انتظامات اور معاملات میں نیشنل روڈ سیفٹی کونسل کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، نیشنل روڈ سیفٹی اسٹیرنگ کمیٹی اور سیفٹی سیکریٹریٹ کا بھی قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس کا مقصد بڑھتے ہوئے حادثات اور ٹریفک کے دباؤ سے نمٹنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے کامسٹ یونیورسٹی کے مجموعی قواعد و ضوابط کی منظوری دی ہے اور عمران ناصر خان کو منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ایگریکلچر اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن تعینات کیا ہے۔

قومی کمیشن برائے انسان حقوق کے چیئرمین اور اراکین کی تعیناتی کے لیے اشتہار جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے اور قومی کمیشن برائے حقوق اطفال کے لیے اشتہار کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے حیدرآباد اور کراچی میں بارش سے ہونے والی تباہی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جانی اور مالی نقصان کے فوری طور پر تدارک کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو شکایات پورٹل کے حوالے سے آگاہ کیا گیا کہ اب تک تقریباً 9 لاکھ درج شکایات میں سے ساڑھے 7 لاکھ شکایات کا ازالہ ہوچکا ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سندھ میں سب سے زیادہ شکایتوں کا ازالہ نہیں ہوا اور عدم تعاون کے باعث ان شکایات کا تدارک نہ ہوسکا۔