ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، 2 بچے جاں بحق
ملک کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہوگیا وہیں نشیبی علاقے زیر آب آنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بنیر اور جنوبی وزیرستان میں سیلاب سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور کراچی سمیت سندھ کے مختلف حصوں میں اتوار اور پیر کو تیز بارش کا امکان ہے۔
بارش کے باعث مختلف علاقوں میں فیڈرز ٹرمپ کرنے سے بجلی کی فراہمی معطل رہی جبکہ بجلی کمپنیوں کی جانب سے بحالی کا کام بھی جاری ہے۔
مزید پڑھیں: ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں، معمولات زندگی درہم برہم
کراچی میں گزشتہ 2 روز ہلکی بارش اور بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور آنے والے ایک دو روز میں تیز بارش کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ادھر پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سڑکوں اور گلیوں میں پانی بھرنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔