این اے 205 گھوٹکی میں ضمنی انتخاب، ووٹوں کی گنتی جاری
صوبہ سندھ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 205 گھوٹکی (2) میں ضمنی انتخاب میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات علی محمد خان مہر کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی نشست پر انتخاب کے لیے پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہی۔
علی محمد خان مہر کی وفات کے بعد خالی ہونے والی سیٹ پر مہر برادری کے دو رشتے داروں کا آپس میں مقابلہ ہے جو آپس میں چچا اور بھتیجا ہیں۔
مزید پڑھیں: دورہ گھوٹکی میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی، عمران خان
پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار محمد بخش خان مہر کا مقابلہ مرحوم علی محمد خان مہر کے صاحبزادے اور اپنے بھتیجے احمد علی مہر سے ہے جو آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
اب تک 140پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق محمد بخش مہر کو 10ہزار ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔
کُل رجسٹرڈ ووٹرز کی بات کی جائے تو حلقے میں 3 لاکھ 60 ہزار 8 سو 75 ووٹرز ہیں، جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 4 ہزار 9 سو 80 جبکہ ایک لاکھ 55 ہزار 8 سو 95 خواتین ووٹرز ہیں۔