پاکستان

حکومت کو 5 سال دینے کے لیے تیار ہوں، مریم نواز

جتنے مرضی قائدین گرفتار کرلیں، ڈرنے والے نہیں، ڈیل دینے کی باتیں کرنے والے کو خود ڈیل کی ضرورت پڑ گئی ہے، لیگی نائب صدر
|

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ موجودہ حکومت کو 5 سال دینے کے لیے تیار ہیں لیکن عوام یہ مدت پوری نہیں کرنے دیں گے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نیب کی دائر کردہ درخواست پر طلب کیے جانے پر مریم نواز پیش ہوئی اور صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔

مزید پڑھیں: احتساب عدالت نے مریم نواز کے خلاف نیب کی درخواست خارج کردی

مریم نواز نے کہا کہ ملک میں آزادی اظہار معطل ہوچکا ہے، متعدد مرتبہ ہم سے رابطہ کیا گیا لیکن ہم نے بات چیت نہیں کی، میں اور نواز شریف بات چیت کے لوازمات پورے نہیں کر سکتے۔

اس دوران ان سے سوال کیا گیا کہ وہ کیا لوازمات ہیں؟، جس پر مریم نواز نے جواب دیا کہ اس کے لیے اصولوں کی قربانی دینا پڑتی ہے اور ہم اس کے لیے تیار نہیں ہیں۔

ساتھ ہی لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ جتنے مرضی قائدین گرفتار کرلیں، ڈرنے والے نہیں، میں موجودہ حکومت کو 5 سال دینے کو تیار ہوں لیکن عوام یہ مدت پوری نہیں کرنے دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانیو! آپ کا منتخب نمائندہ، ایک فوٹو کاپی کی مار ہے، مریم نواز

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اب کسی کی جرت نہیں کہ آمریت کی طرف دیکھے، آمر ناکام ہوچکے اور آج وہ بیمار ہیں، خدا انہیں صحت دے۔

نائب صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ ڈیل دینے کی باتیں کرنے والے کو خود ڈیل کی ضرورت پڑ گئی ہے، حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، جب پارٹی فیصلہ کرے گی تو احتجاج کریں گے۔