کھیل

دھونی بھارتی ٹیم کی اولین ترجیح نہ رہے، ریٹائرمنٹ لینے کیلئے دباؤ

دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے عدم دستیابی ظاہر کرنے کے باوجود مستقبل میں دھونی کو بھارتی ٹیم میں منتخب کیے جانے کا امکان نہیں۔

بڑھتی ہوئی عمر اور ورلڈ کپ میں اوسط درجے کی کارکردگی کے باوجود بھارتی ٹیم کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی ون ڈۓ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کو تیار نہیں اور مزید کھیلنے کے خواہاں ہیں لیکن اب وہ بھارتی ٹیم کی اولین ترجیح نہیں رہے۔

دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان جلد متوقع ہے لیکن بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مہندر سنگھ دھونی دورہ ویسٹ انڈیز میں بھارتی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

رپورٹس کے مطابق ایم ایس دھونی نے ٹیم مینجمنٹ کو آگاہ کیا ہےکہ وہ دورہ ویسٹ انڈیز دستیاب نہیں ہیں اور اس لیے انہیں ون ڈے اور ٹی20 سیریز کے لیے منتخب نہیں کیا جائے گا۔

تاہم اگر دھونی انکار نہ بھی کرتے تو بھی ان کی مستقبل میں بھارتی ٹیم میں جگہ بنتی نظر نہیں آ رہی کیوبکہ بڑھتی ہوئی عمر کے سبب ان کی کارکردگی واضح طور پر متاثر ہوئی ہے۔

ورلڈکپ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کے بعددھونی پر ریٹائرمنٹ لینے کا دباؤ بڑھا گیا ہے اور میگاایونٹ میں سست رفتار بیٹنگ کی وجہ سے سابق کپتان کو تنقید کا سامنا ہے۔

مہندرا سنگھ دھونی ناصرف اب پہلے جیسی بلے بازی کی صلاحیت سے محروم ہو گئے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ بھارتی ٹیم مینجمنٹ اگلے ورلڈ کپ کے لیے ٹیم تیار کرنا چاہ رہی ہے اور اسی وجہ سے دھونی کو مستقبل میں بھی بھارتی ون ڈے ٹیم کا حصہ بنائے جانے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔

دھونی کی جگہ 22 سالہ نوجوان ریشابھ پانٹ ٹیم کا حصہ ہوں گے جو بحیثیت وکٹ کیپر بلے باز کئی مواقعوں پر اپنی افادیت ثابت کر چکے ہیں۔

دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان جمعہ کو کیا جائے گا اور ویرات کوہلی کی ورلڈ کپ کے بعد آرام کی درخواست کو مسترد کر کے انہیں ہی قیادت کی ذمے داریاں سونپی جائیں گی۔