پاکستان

سانگھڑ: بس نے چنگ چی رکشہ روند ڈالا، 10 افراد ہلاک

ایک خاندان چنگچی رکشے کے ذریعے شاہ پور چاکر جارہا تھا کہ راستے میں سامنے سے آنے والی بس نے رکشے کو زور دار ٹکر ماری۔

سندھ کے ضلع سانگھڑ میں مسافر بس اور چنگی رکشے کے درمیان ٹریفک حادثے کے نتیجے میں خواتین و بچوں سمیت 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

کھڈرو ٹاؤن سے ایک خاندان چنگچی رکشے کے ذریعے شاہ پور چاکر جارہا تھا کہ راستے میں سامنے سے آنے والی بس نے رکشے کو زور دار ٹکر ماری۔

عینی شاہدین کے مطابق مسافر بس کی رفتار تیز تھی جس کے باعث اس نے رکشے کو روند ڈالا اور اسے گھسیٹتے ہوئے دور تک لے گئی۔

خطرناک حادثے میں 5 خواتین اور 3 بچوں سمیت رکشے میں سوار تمام افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

حادثے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق کھوکھر برادری سے تھا۔

مزید پڑھیں: شکار پور: قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں 4 بچوں سمیت 11 جاں بحق

حادثے کے بعد پولیس کی نفری وہاں پہنچی جس نے مقامی افراد کی مدد سے لاشوں کو شاہ پور چاکر کے صحت مرکز منتقل کیا۔

حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار 24 افراد بھی زخمی ہوئے جنہیں نواب شاہ کے پیپلز میڈیکل یونیورسٹی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

لاشوں کے کھڈرو ٹاؤن پہنچنے پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔