پاکستان

مری: چیئرلفٹ میں پھنسے 40 سیاحوں کو باحفاظت نکال لیا گیا

پٹریاٹہ کے مقام پر طوفانی آندھی کے باعث کیبل پلی سے پھلس گئی تھی، تاحال 8 سیاحوں کیلئے ہنگامی کارروائیں جارہی ہیں۔

مری میں پٹریاٹہ کے مقام پر چیئرلفٹس میں پھنسے تقریباً 40 سیاحوں کو باحفاظت نکال لیا گیا تاہم تاحال 8 سیاح خطرناک زون میں پھنسے ہوئے ہیں۔

اس حوالے سے ریسکیو 1122 کے ذرائع نے تصدیق کی کہ پٹریاٹہ میں چیئرلفٹ کار کی چین (رسی) پلی سے کھس گئی جس کےنتیجے میں کیبل کاریں پھنس گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: مری: مسافر لفٹ ٹوٹ کر کھائی میں جا گری، 12 افراد ہلاک

بتایا گیا کہ طوفانی آندھی کی وجہ سے چیئرلفٹ کا پلر متاثرہوا اور اس کا کیبل پلی سے پھسل گیا۔

مقامی افراد اور دیگر سیاحوں نے چیئرلفٹ میں پھنسے لوگوں کی مدد شروع کردی اور اسی دران تقریباً آدھے گھنٹے میں ریسکیو 1122 حکام بھی پہنچ گئے۔

مزید بتایا گیا کہ ریسکیو عملہ تاحال پھنسے سیاحوں کو نکالنے کی کوشش کررہا ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت کا مری کے پنجاب ہاؤس میں یونیورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ

واضح رہے کہ لفٹ انتظامیہ نے حال ہی میں سروس کو بہتر بنانے کے لیے لاکھوں روپے خرچ کیے تھے اور پنجاب کے وزیرسیاحت نے منصوبے کا افتتاح کیا تھا۔

متعدد چیئرلفٹ اسٹاف اور حکام نے واقعہ سے متعلق مزید تفیصلات بتانے سے گریز کیا۔

واضح رہے کہ 29 جون 2017 کو مری میں چھرہ پانی کے قریب مسافر لفٹ ٹوٹ کر گرگئی تھی جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بناؤں گا، وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب

ٹوٹ کر گرنے والی ڈولی لفٹ 400 فٹ گہری کھائی اور نالے کے اوپر مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت قائم کی تھی۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق جس وقت مسافر لفٹ کو حادثہ پیش آیا اس میں 12 افراد سوار تھے۔