یورپ کے کئی ممالک شدید گرمی کی لپیٹ میں، پارہ 40 ڈگری تک پہنچ گیا
جرمنی، پولینڈ اور جمہوریہ چیک میں جون کے مہینے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، ہیٹ ویو 3 روز تک جاری رہے گی۔
یورپ کے کئی ممالک ان دنوں شدید گرمی کے لپیٹ میں ہیں اور فرانس، اسپین اور سوئٹزرلینڈ سمیت کئی ممالک میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے 'بی بی سی' کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز جرمنی، پولینڈ اور جمہوریہ چیک میں جون کے مہینے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرِ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی افریقہ سے آنے والی گرم ہوا یورپ میں گرمی کا باعث ہے، انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ 3 روز میں مزید ممالک میں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔
جمعرات کو اٹلی کے شہر تورینو میں درجہ حرارت 37، اسپین کے شہر سرقسطہ اور جنوبی فرانس کے علاقے آوینیو میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔