شرمین عبید کی اینیمیٹڈ فلم سیریز عالمی ایوارڈ کیلئے نامزد
آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائےکی سربراہی میں چلنے والی ان کی فلم اکیڈمی (ایس او سی) کی جانب سے گذشتہ برس ریلیز کی گئی خواتین کے حقوق اور تحفظ سے متعلق اینیمیٹڈ ’آگاہی‘ فلم سیریز کو عالمی ایوارڈ کے لیے منتخب کرلیا گیا۔
شرمین عبید چنائے فلم کی جانب سے بنائی گئی اینیمیٹڈ آگاہی مہم شارٹ فلم سیریز کو تخلیقی، تعمیری، صنعتی اور فلاحی منصوبوں کو ایوارڈ دینے والے عالمی ادارے ’کانز لائنز انٹرنیشنل فیسٹیول آف کریئٹویٹی‘ کی جانب سے ’پائدار ترقی کے لیے اہداف‘ کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا۔
اس کیٹیگری میں شرمین عبید چنائے کی فلم سیریز سمیت دنیا کے دیگر ممالک کی مختصر تخلیقی دستاویزی فلمیں بھی نامزد کی گئی ہیں۔
’کانز لائنز انٹرنیشنل فیسٹیول آف کریئٹویٹی‘ کی جانب سے مجموعی طور پر 27 سے زائد کیٹیگریز کے لیے اداروں کے منصوبوں اور انفرادی افراد کے پروجیکٹس کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
یہ ادارہ ہر سال دنیا بھر کے درجنوں ممالک کے اداروں اور انفرادی افراد کے ایسے منصوبوں کو ایوارڈ کے لیے نامزد کرتا ہے جن سے معاشرے میں بہتری آتی ہو اور رواں برس ادارے کی جانب سے 66 ویں سالانہ ایوارڈ فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا۔
ادارے نے نامزد کی گئی 27 کیٹیگریز میں سے 23 کیٹیگریز کے فاتحوں کا اعلان کردیا ہے، تاہم جس کیٹیگری میں شرمین عبید چنائے کے فلمی ادارے کی فلم کو نامزد کیا گیا ہے، اس کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ ’کانز لائنز انٹرنیشنل فیسٹیول آف کریئٹویٹی‘ میں کوئی پاکستانی فلم نامزد ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آگاہی مہم: گھریلو تشدد کیا ہے اور اس کی کتنی اقسام ہیں؟
اگر اینیمیٹڈ آگاہی فلم سیریز ایوارڈ جیتنے میں کامیاب جاتی ہے تو یقینا یہ شرمین عبید چنائے کا پہلا عالمی ایوارڈ نہیں ہوگا، اس سے قبل وہ فلمی دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈ آسکر کو 2 بار جیت چکی ہیں۔